پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ فیض آباد دھرنے کے ماسٹر مائنڈ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے دو ٹوک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھرنے والوں کے ساتھ معاہدے میں جنرل فیض حمید کے بطور گواہ دستخط اور دھرنے والوں کو پیسے دینے کے واقعات واضح کرتے ہیں کہ ماسٹر مائنڈ جنرل فیض ہی تھے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ کیا ہم میں اتنا دم تھا کہ فیض آباد دھرنا کیس پر عمل کرواتے، فیض آباد دھرنے میں جو لوگ ملوث تھے وہ ہماری حکومت میں حکمران تھے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے یہ بھی کہا کہ ان شااللّٰہ جنوری کے آخری ہفتے میں عام انتخابات ہو جائیں گے۔
پروگرام میں موجود مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ گفتگو ہونی چاہیے۔
مشاہد حسین سید نے کہا کہ نواز شریف چیئرمین تحریک انصاف اور دیگر سیاسی جماعتوں سے بات چیت کر سکتے ہیں کیونکہ نواز شریف کی اب مدبرانہ سوچ ہے۔