نوازشریف کو جلسہ گاہ پہنچانے کیلئے جہانگیر ترین کا ہیلی کاپٹر استعمال ہوا، آئی پی پی

عون چودھری ذاتی حیثیت سے نوازشریف سے ملنے گئے تھے جس پر پارٹی نے انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا، رہنما استحکام پاکستان پارٹی مراد راس کی گفتگو

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) آئی پی پی کے سینئر رہنما ڈاکٹر مراد راس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نوازشریف کو جلسہ گاہ پہنچانے کیلئے جہانگیر ترین کا ہیلی کاپٹر استعمال کیا گیا۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو ائیرپورٹ سے جلسہ گاہ پہنچانے کیلئے جو ہیلی کاپٹر استعمال ہوا ہے وہ جہانگیر ترین کا ہے جسے ایک کمپنی چلاتی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ہیلی کاپٹر کو بینکوں سمیت کئی اہم شخصیات پیسے دے کر استعمال کرتی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں مرادراس کا کہنا تھا کہ میں یہاں کلیئرلی بتا رہا ہوں استحکام پاکستان پارٹی کا کس بھی سیاسی جماعت کیساتھ الحاق نہیں ہو گا۔ لیکن سیاست میں کچھ بھی ہو سکتا ہے ممکن ہے آگے چل کر کسی پارٹی کیساتھ سیٹ ایڈجسمنٹ ہو جائیں لیکن فی الحال ایسا کوئی پلان نہیں بنا ہے۔
انہوں نے عون چودھری کی نواز شریف سے ملاقات سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ عون چہودری ذاتی حیثیت سے نوازشریف سے ملنے گئے تھے جس پر پارٹی نے انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ نواز شریف نے جہانگیر ترین کا ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا، تاہم ڈاکٹر مراد راس نے اس بات کی تردید کر دی ہے۔