پچھلے ایک ہفتے کے دوران نظامِ انصاف کو جاتی امراء کے قزاقوں کی لونڈی بنا دیا گیا

چوروں کو این آراو نہ دینے پر قوم کے صادق وامین کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، قوم کو ریاست پر قابض مجرموں اور ان کے مذموم عزائم کے تدارک کیلئے متحرک ہونا ہوگا، ترجمان پی ٹی آئی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ترجمان تحریک انصاف نے الزام عائد کیا ہے کہ پچھلے ایک ہفتے کے دوران نظامِ انصاف کو جاتی امراء کے قزاقوں کی لونڈی بنا دیا گیا، چوروں کو این آر او نہ دینے پر قوم کے صادق وامین کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، قوم کو ریاست پر قابض مجرموں اور ان کے مذموم عزائم کے تدارک کیلئے متحرک ہونا ہوگا۔
ایکس پر اپنے بیان پاکستان تحریک انصاف نے جاتی امراء کے قزاق کیلئے عدالتی کارروائیوں کے سلسلے کو نظامِ انصاف کیلئے شرمناک، ذلّت آمیز اور تباہ کن قرار دے دیا۔ ترجمان نے کہا کہ پچھلے ایک ہفتے کے دوران پاکستان کے نظامِ انصاف کو جاتی امراء کے قزاقوں کی لونڈی بنادیا گیا ہے۔ پوری قوم شرمناک حد تک یکطرفہ، امتیاز و جانبداریت سے بھرپور اور ذلّت آمیز حد تک مفلوج انصاف کا نظاّرہ کررہی ہے، ریاست تو پہلے ہی مجرموں کی سرپرستی سے کر چکی تھی، آج قوم عدل کی آنکھ سے حیا کو بھی رخصت ہوتے دیکھ رہی ہے، دستور و اسلام کی روح کو مجروح کرتے ہوئے نوجوان نسل کو نظام سے قبولیت کے حصول کیلئے جرم، کرپشن، غنڈہ گردی اور ضمیر فروشی کی راہ دکھائی جارہی ہے، ریاست آئندہ نسلوں کو پیغام دے رہی ہے کہ اگر آپ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، دیانتداری اور پاکستان کو اپنی زندگیوں پر مقدّم رکھتے ہیں تو ریاستی قہر آپ کا مقدر ہوگا۔
ریاست کا نوجوانوں کیلئے پیغام ہے کہ اگر آپ جمہوریت کا نام لیں گے تو کوئی عدالت آپ کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے قدم آگے نہیں بڑھائے گی۔ ریاست آئندہ نسلوں کو متنبہ کررہی ہے کہ اگر عمران خان کیطرح آپ کا جینا مرنا پاکستان ہے تو جعلی جھوٹے مقدمے اور موت کی چکّیاں آپ کا ٹھکانہ ہیں، ریاست کا پیغام ہے کہ اگر آپ چھوٹے چور ہیں تو آپ سے مجرموں کیطرح نمٹا جائے گا اور اگر بڑے ڈاکو ہیں تو آپ کو حکمران بنایا جائے گا، چوروں کا وہ ٹبر جو پچھلے 7 سال سے حرام سے جمع کی گئی اپنی دولت کی رسیدیں پیش نہیں کرسکا، نیب اور عدالتوں کو اس کے قدموں میں ڈال دیا گیا ہے، چوروں کو این آر او نہ دینے، چوری پر آنکھیں بند نہ کرنے اور ان کے ریاستی سرپرستوں سے دستور کے احترام کا تقاضہ کرنے پر قوم کے صادق و امین قائد کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ریاست کے لاڈلے مجرموں سے ہاتھ نہ ملانے پر قوم کے غیرت مند اور بہادر لیڈر کو متعصّب اور بےضمیر ججوں کے ہاتھوں صریح بےانصافی کے نشانے پر رکھا جارہا ہے، عدلیہ کے عملی انہدام کے بعد قوم کو ریاست پر قابض مجرموں اور ان کے مذموم عزائم کے تدارک کیلئے متحرک ہونا ہوگا، لاقانونیّت کے بعد پاکستان کو بےانصافی کی زنجیروں میں جکڑ کر سیاسی درندوں کی عیاشیوں کا سامان کرنے کی کسی کوشش کو قوم قبول نہیں کرے گی۔