عمران خان کی اہلیہ اور بہنوں سے ملاقات کروادی گئی

ملاقات اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں ہوئی‘ اہلخانہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ذاتی استعمال کی ضروری اشیاء فراہم کیں

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ اور بہنوں سے ملاقات کروادی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم سے ان کی اہلیہ اور دو بہنوں نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی، یہ ملاقات اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں کروائی گئی، جس میں اہلخانہ نے عمران خان کو ذاتی استعمال کی ضروری اشیاء فراہم کیں، جب کہ ملاقات میں رسمی گفتگو ہوئی، اہلیہ اور بہن نے چیئرمین پی ٹی آئی کو کارکنان کا پیغام پہنچایا۔
علاوہ ازیں آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے حکم پر اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی لندن میں موجود بیٹوں کے ساتھ ٹیلیفون پر بات بھی کروا دی گئی، موبائل فون پر واٹس ایپ کال تیس منٹ تک جاری رہی جہاں چیئرمین پی ٹی آئی کے بیٹے سلیمان اور قاسم جیل میں قید والد سے گفتگو کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے، عمران خان نے اپنے بیٹوں کو تسلی دی اور صبر کی تلقین کی۔
بتایا جارہا ہے کہ خصوصی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی ان کے بیٹوں سے فون پر بات کروانے کا حکم دیا تھا، اس حوالے سے آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت اسلام آباد میں چئیر مین پی ٹی آئی کی بیٹوں کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کروانے کی درخواست پر سماعت ہوئی، عمران خان کے وکیل شیراز احمد رانجھا جج ابو الحسنات ذولقرنین کی عدالت میں پیش ہوئے، دوران سماعت جج ابوالحسنات ذولقرنین نے ریمارکس دیئے کہ ’ابھی تک اڈیالہ جیل سپرنٹینڈنٹ کی جانب سے ٹیلیفونک گفتگو کے حوالے سے ایس او پیز نہیں آئیں، جیل میں ٹیلیفونک گفتگو کے حوالے سے ایس او پیز آجائیں تودیکھ لیتے ہیں‘، جس پر وکیل صفائی شیرازاحمدرانجھا نے کہا کہ ’آج بھی ایس او پیز نہیں آئیں اگر آپ کہیں تو میں عدالت کی معاونت کر دیتا ہوں‘۔
بعدازاں جیل ایس او پیز موصول ہونے پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے عمران خان کی بیٹوں سے فون پر بات کروانے کا حکم دے دیا، جج ابوالحسنات ذولقرنین نے فیصلے میں کہا کہ قیدی کے بنیادی حقوق مدنظر رکھ کر بچوں سے بات کروائی جائے، جیل سپرنٹنڈنٹ اپنی موجودگی میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ان کے بیٹوں سے بات کروائیں۔