طلباء کو چاہیے ملک کو درپیش چیلنجز کا ادراک کرکے تجزیہ کریں، ذہانت اور فکری وسائل سے ان چیلنجز کا حل تلاش کریں۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا نسٹ میں خطاب
راولپنڈی (نیوز ڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ تعلیم کوئی آپشن نہیں بلکہ ضرورت ہے، ملک کو درپیش چیلنجز کا ادراک کرکے تجزیہ کریں ،ذہانت اور فکری وسائل سے ان چیلنجز کا حل تلاش کریں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا سالانہ کانووکیشن ہوا ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
آرمی چیف نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو میڈلز سے نوازا۔آرمی چیف نے گریجوایٹس کو دلی مبارکباد دی۔ کانووکیشن ویک میں بیچلرز، ماسٹرز، اور پی ایچ ڈی طلباء نے ڈگریاں حاصل کیں، نسٹ کے 7 مختلف شعبوں کے 3500 سے زائد طلباء ڈگریاں حاصل کیں، آرمی چیف نے کامیاب طلبہ ، والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔
آرمی چیف نے فروغ تعلیم کیلئے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی تعریف کی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ تعلیم کوئی آپشن نہیں بلکہ ضرورت ہے، طلباء کی زندگی میں آج کا دن ایک نئے باب کا آغاز ہے، نسٹ قوم کیلئے بہترین معمار تیار کررہی ہے، فارغ التحصیل طلباء کی زندگی میں ایک نیا در شروع ہورہا ہے،آپ لوگوں کی ذمہ داریاں اب تبدیل ہوچکی ہیں، فارغ التحصیل طلباء نئی ذمہ داریوں سے نبردآزما ہوکر سفر جاری رکھیں۔ ملک کو درپیش چیلنجز کا ادراک کرکے تجزیہ کریں ،ذہانت اور فکری وسائل سے ان چیلنجز کا حل تلاش کریں۔