نواز شریف ہمیشہ جمہوریت کی بجائے مجلس شوریٰ جیسے نظام سے مستفید ہوئے،جو حالات ہیں ان میں نواز شریف مجلس شوریٰ بنا کرآ جائیں، جب بھی عوام کو موقع ملا تو نواز شریف کو شکست ہو گی۔سابق وفاقی وزیر کا ٹویٹ
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چوہدری نے 4 سال بعد وطن واپسی اختیار کرنے والے سابق وزیراعظم نوازشریف پر تنقید کی ہے۔ نوازشریف چار سال بعد آج وطن واپسی کے لیے دبئی ائیرپورٹ سے پاکستان روانہ ہو چکے ہیں اور ان کا طیارہ بھی پاکستانی حدود میں داخل ہو چکا ہے۔اسی حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جب بھی عوام کو موقع ملا تو نواز شریف کو شکست ہو گی۔
سابق وفاقی وزیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف ہمیشہ جمہوریت کی بجائے مجلس شوریٰ جیسے نظام سے مستفید ہوئے ہیں۔ اب بھی وہ اس وقت ہی واپس آئے ہیں جب الیکشن میں عوام غیر متعلق (Irrelevant) ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ جو حالات ہیں ان میں مجلس شوریٰ بنا کر نواز شریف آ جائیں ، جب بھی عوام کو موقع ملا نواز شریف کو شکست ہو گی
نواز شریف ہمیشہ جمہوریت کی بجائے مجلس شوریٰ جیسے نظام سے مستفید ہوئے ہیں اب بھی وہ اس وقت ہی واپس آئے ہیں جب الیکشن میں عوام غیر متعلق (Irrelevant) ہیں، جو حالات ہیں ان میں مجلس شوریٰ بنا کر نواز شریف آ جائیں ، جب بھی عوام کو موقع ملا نواز شریف کو شکست ہو گی
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 21, 2023
۔
خیال رہے کہ نوازشریف کے طیارے نے دبئی سے اڑان بھرلی ہے، سابق وزیراعظم کے ہمراہ سینیٹر عرفان صدیقی اور ناصر جنجوعہ سمیت دیگر رہنماء اور کارکن بھی موجود ہیں، مجموعی طور پر 148 مسافر اس خصوصی پرواز میں پاکستان آ رہے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ قائد مسلم لیگ ن کو وطن واپس لانے والی پرواز کو ’امید پاکستان‘ کا نام دیا گیا ہے جو ایک گھنٹہ 22 منٹ تاخیر سے 10 بج کر 42 منٹ پر دبئی ائیرپورٹ سے روانہ ہوئی، دبئی سے اسلام آباد پرواز کا دورانیہ 3 گھنٹے 5 منٹ ہے، سابق وزیراعظم کا جہاز تقریباً دوپہر ڈیڑھ بجے اسلام آباد میں لینڈ کرے گا، جہاں سے وہ لاہور کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔
وطن واپسی کیلئے روانہ ہونے سے قبل دبئی ایئرپورٹ پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ آج 4 سال بعد پاکستان جا رہا ہوں، اپنے ملک واپسی کی خوشی ہے، اللہ کے فضل سے میں سرخرو ہوکرجا رہا ہوں لیکن میرے خلاف مقدمات سے ملک کو نقصان ہوا، ملک معاشی معاشرتی اور ہر لحاظ سے پیچھے گیا جس کا افسوس ہے، ملک میں اضطراب کی صورتحال ہے، ملکی معاشی حالات تشویشناک ہیں مگر مجھے اچھی امید ہے۔