الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئی جی اسلام آباد کو فواد چوہدری کو 24 اکتوبر کی صبح 10 بجے پیش کرنےکا حکم جاری کر دیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئی جی اسلام آباد کو فواد چوہدری کو 24 اکتوبر کی صبح 10 بجے پیش کرنےکا حکم جاری کر دیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق فواد چوہدری کے خلاف 24 اکتوبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔ قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو پیش کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے خلاف غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے کے معاملے پر پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے گئے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد کی جائے گی، انہیں 24 اکتوبر کو صبح 10 بجے پیش کیا جائے۔
پیشی کے بعد سابق وزیر اعظم کو واپس جیل بھیجنے کا حکم بھی جاری کیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو آگاہ کرنے کا حکم دیا۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ جیل سپرنٹنڈیٹ ان پیشی کیلیے ضروری اقدامات کریں۔ ادھر آئی جی اسلام آباد اور پنجاب کو پیشی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سکیورٹی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔