نوازشریف کا استقبال، جنت کے ٹکٹ کے بعد ن لیگ کی نئی منطق سامنے آ گئی

جنت کے ٹکٹ کا تو پتہ نہیں لیکن 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر پہنچنا عین کار ثواب ہے،نوازشریف کا استقبال کرنا ہمارا ملی، دینی اسلامی اور اخلاقی فریضہ ہے۔علماء مشائخ ن لیگ ونگ کے صدر محمد عمران شاہ کی گفتگو

لاہور(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کی جانب سے پارٹی قائد نوازشریف کی وطن واپسی پر جنت کی ٹکٹ کے بعد نئی منطق سامنے آئی ہے۔علماء مشائخ ن لیگ ونگ کے صدر محمد عمران شاہ کا کہنا ہے کہ 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر پہنچنا عین کار ثواب ہے۔انہوں نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جنت میں جانے کا تو پتہ نہیں لیکن نوازشریف کے استقبال کے لیے پہنچنا عین کا رثواب ہے۔
نوازشریف کا استقبال کرنا ہمارا ملی، دینی اسلامی اور اخلاقی فریضہ ہے۔خیال رہے کہ سلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کے استقبال کیلئے سابق ن لیگی رکن قومی اسمبلی نے کارکنوں کو انوکھی آفر پیش کی تھی۔ صوبہ پنجاب کے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ سے مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے اسد الرحمان رمدے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں وہ پارٹی کی ایک کارنر میٹنگ میں شریک نظر آرہے ہیں، جہاں خطاب کرتے ہوئے انہیں یہ کہتے ہوئے سنا جارہا ہے کہ ’ماضی میں ایک بار ہماری پارٹی پر بہت مشکل وقت آگیا تھا تو کچھ لوگ ایسے اکٹھے ہوئے جیسے یہاں بیٹھے ہیں تو میں نے ان سے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کو حکم دیا ہے کہ جو یہاں پر ہیں ان سب کے نام لکھ دو یہ بغیر حساب کے جنت میں جائیں گے۔
ویڈیو میں سنائی دیئے جانے والے اپنے خطاب کو آگے بڑھاتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی یہ بھی کہتے ہیں کہ ’اب جتنے آپ لوگ یہاں آگئے ہیں وہ تو جنت میں جائیں گے، میں آپ کو سرٹیفکیٹ دیتا ہوں کہ جو یہاں آگئے ہیں وہ تو جائیں گے ہی اور جو لاہور جائیں گے 21 اکتوبر کو وہ بھی سیدھے جنت میں جائیں گے‘۔ قبل ازیں مسلم لیگ ن ہی کے ایک مقامی رہنما مختار سندھو جٹ کی جانب سے رواں ماہ کے اوائل میں لاہور کے علاقہ شاہدرہ میں ہونے والے ایک جلسے کے دوران 21 اکتوبر کو پارٹی قائد نوازشریف کے استقبال میں کارکنوں کی شرکت بڑھانے کے لیے ان میں موٹرسائیکل تقسیم کرنے کی بھی پیشکش کی گئی، اس حوالے سے وائرل ویڈیو میں ن لیگی رہنما نے کہا کہ 21 تاریخ کو جو نوازشریف کے استقبال کے لیے زیادہ بندے لے کر آئے گا اس کو 125 موٹر سائیکل دیا جائے گا‘۔