لیول پلیئنگ فیلڈ کے مطالبات پر مولانا فضل الرحمان نے ’سیاسی گنجائش کا فارمولہ‘ پیش کردیا

سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کیلئے گنجائش پیدا نہیں کریں گی تو سب کا نقصان ہوگا‘ وقت آگیا ہے سیاستدان اور سیاسی جماعتیں بالغ نظری کا مظاہرہ کریں۔ سربراہ جے یو آئی ف کا بیان

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کیلئے گنجائش پیدا نہیں کریں گی تو سب کا نقصان ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کیلئے گنجائش پیدا کریں، وقت آگیا ہے سیاستدان اور سیاسی جماعتیں بالغ نظری کا مظاہرہ کریں، سیاسی جماعتوں کو اختلاف رائے کے باوجود سیاسی گنجائش پیدا کرنی چاہیئے، کیوں کہ سیاسی انتشار اور خلفشار سے نہ جمہوریت مضبوط ہوگی نہ ملکی مسائل حل ہوں گے، سیاسی جماعتوں کی آپس میں گنجائش کا فائدہ کسی ایک جماعت کو نہیں تمام سیاسی جماعتوں کو ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاستدان کسی سے بھی اختلاف رائے یا الگ موقف رکھ سکتا ہے مگر اسے سیاسی انتشار کا شکار نہیں ہونا چاہیے، جمہوریت کی مضبوطی ضد اور ہٹ دھرمی میں نہیں بلکہ جمہوری رویوں کی مضبوطی میں ہے، اس وقت پاکستان اور امت مسلمہ دونوں کئی مشکلات کا شکار ہیں، پاکستان کے مسائل کا حل کسی ایک شخص یا جماعت کے پاس نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی و استحکام سیاسی و داخلی استحکام کیساتھ جڑا ہے، افسوس خود سیاستدانوں کے سبب ماضی اور حال میں جمہوریت کیلئے مشکلات آئیں لیکن اب سنبھلنا ہوگا، سب کے ماضی کا علم ہے مگر اب جمہوریت کی مضبوطی کیلئے سیاسی گنجائش کے فارمولے کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، آصف علی زرداری اور بھٹو خاندان کے ساتھ سیاسی اختلاف کے باوجود پرانے تعلقات ہیں، ہم ایک دوسرے کی خوشی و غمی میں شرکت کرتے ہیں کیوں کہ سیاست دانوں میں اختلاف رائے کے باوجود سیاسی گنجائش لازمی ہے، سیاسی منشور، سیاسی موقف دینا سب کا حق مگر اولین ترجیحی پارلیمنٹ کی بالادستی ہے۔