الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فواد حسن فواد، احد چیمہ اور توقیر شاہ کو 26 اکتوبر کو طلب کرلیا
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نگران حکومت میں شامل فواد حسن فواد، احد چیمہ اوت توقیر شاہ کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کی درخواست کو قابل سماعت قرار دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے فواد حسن فواد، احد چیمہ اور توقیر شاہ کو ہٹانےکی درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں، الیکشن کمیشن نے فواد حسن فواد، احد چیمہ اور توقیر شاہ کو 26 اکتوبر کو طلب کرلیا۔
بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے درخواست پر 10 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، اس معاملے پر الیکشن کمیشن میں درخواست ایڈوکیٹ عزیز الدین کاکاخیل کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں درخواست گزار نے نگران وفاقی وزیر فواد حسن فواد، مشیر احد چیمہ کو ہٹانے کی استدعا کی تھی، جس کے لیے درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وزیراعظم کے سیکرٹری توقیر شاہ سابق وزیر اعظم کے سیکرٹری رہے ہیں، اسی طرح احد چیمہ اور فواد حسن فواد بھی سابقہ ادوار میں حکومت کا حصہ رہے ہیں جب کہ آرٹیکل 218 کے تحت نگران سیٹ اپ غیر جانبدار ہونا چاہیئے اور ان افراد کے نگران حکومت میں ہونے کی وجہ سے شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہوگا، اس لیے اگر حکومت شفاف الیکشن چاہتی ہے تو ان لوگوں کو ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے۔
علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے توہین کمیشن اورچیف الیکشن کمشنر پر عمران خان اوردیگرکو 24 اکتوبر کوذاتی طور پر طلب کرلیا، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، سابق وزراء اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف الیکشن کمیشن کی توہین اور چیف الیکشن کمشنر کے خلاف غیر پارلیمانی زبان کے استعمال پر 24 اکتوبر کو انہیں طلب کیا گیا ہے۔ قبل ازیں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت ہوئی، جہاں توہین الیکشن کمیشن کیس میں پیشی کے لیے پی ٹی آئی نے عمران خان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی استدعا کردی، اس ھوالے سے وکیل چیئرمین پی ٹی آئی نے موقف اختیار کیا کہ ’عمران خان جیل میں ہیں پروڈکشن آرڈر جاری کریں تاکہ وہ پیش ہوں‘، اس کے جواب میں ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ ’چیئرمین پی ٹی آئی پہلے الیکشن کمیشن آتے نہیں تھے اب کہا جارہا ہے جیل سے پیش کرنے کا حکم دیں، آپ یہ تو نہیں چاہتے کہ الیکشن کمیشن ان کے پاس چلا جائے؟ ہم چیئرمین پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد کردیں گے دفاع میں جو پیش کرنا چاییں آپ کی مرضی ہے‘۔
بعد ازاں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔