حکومت نے غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو سخت وارننگ جاری کردی
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) نگران حکومت نے غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو سخت وارننگ جاری کردی، اس حوالے سے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کہتے ہیں کہ پاکستان میں غیر قانونی تارکین وطن میں سے جو یکم نومبر تک جانا چاہتا ہے چلا جائے اس کے بعد کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے اس معاملے پر جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ افغان باشندوں کی بے دخلی کے حوالے سے بات چیت ہوئی تھی اس گفتگو میں تمام اسٹیک ہولڈرز موجود تھے اور فیصلہ ہوا تھا کہ افغان باشندوں کو ایک گریس پیریڈ دیا جائے جب کہ بہت سارے لوگوں اوران کی طرف سے ڈیمانڈ آرہی تھی کہ لوگ رضاکارانہ طور پرجانا چاہتے ہیں، اس لیے اب جو یکم نومبر تک جانا چاہتا ہے چلا جائے اس کے بعد نوکمپرومائز!۔
نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پہلے دن سے یہ کہا ہے یہ صرف افغان بیسڈ پالیسی نہیں ہے، یہ پالیسی غیرقانونی ایلین کے بارے میں ہے، چاہے وہ جس بھی ملک سےتعلق رکھتے ہوں، جب بات غیر قانونی مقیم لوگوں کے حوالے سے ہو رہی ہے تو وہ افغانی ہوں یا کوئی بھی غیرملکی ان میں سے جن کے پاس ویزہ ہے ان کو ہم نے کچھ نہیں کہنا، ہم صرف غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کو واپس بھیج رہے ہیں۔
علاوہ ازیں ملک میں مقیم غیرقانونی تارکین وطن کے انخلاء کے لیے مختلف جیلوں میں ایف آئی اے کاونٹرز قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، حکومت نے مختلف جیلوں کے اندر ایف آئی اے کاونٹرزقائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں ایف آئی اے حکام غیرملکیوں کی انخلاء کے معاملے کی نگرانی کریں گے، مختلف کیسزمیں مطلوب غیرملکیوں کی اسکروٹنی کی جائے گی، افغان بارڈر کے قریب ترین جیلوں میں ایف آئی اے کاونٹر قائم کیے جائیں گے۔