لاء آفیسر اتھارٹی کو کہیں فیصلہ کرکے کل تک رپورٹ جمع کروائیں۔ جسٹس راحیل کامران شیخ کے ریمارکس
لاہور ( نیوز ڈیسک ) عدالت نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو پاکستان تحریک انصاف کی جلسے کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کی لبرٹی چوک لاہور میں جلسہ کی اجازت کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس راحیل کامران شیخ نے کیس کی سماعت کی، جسٹس راحیل کامران شیخ نے پی ٹی آئی جلسے کی درخواست بطور ارجنٹ کیس سماعت کی، عدالت نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو جلسے کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ لاء آفیسر اتھارٹی کو کہیں فیصلہ کرکے کل تک رپورٹ دیں۔
بتایا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورت نے درخواست گزار کے وکیل شاداب جعفری کے پیش نہ ہونے پر اظہار افسوس کیا، جسٹس راحیل کامران شیخ نے ریمارکس دیئے کہ ’یہ کوئی طریقہ نہیں کیس لگا ہے وکیل پیش نہ ہو‘، اس کے جواب میں جونئیر وکیل نے استدعا کی کہ ’سینئر کونسل دوسری عدالت میں پیش ہوئے ہیں مہلت دی جائے‘۔
معلوم ہوا ہے کہ تحریک انصاف کے لیے لبرٹی چوک لاہور میں جلسے کی اجازت کے حوالے سے ہائی کورٹ میں درخواست ایڈیشنل سیکرٹری پی ٹی آئی پنجاب عظیم اللہ خان نے دائر کی، درخواست میں ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملک میں عنقریب عام انتخابات کا انعقاد ہونے جارہاہے، پی ٹی آئی نے الیکشن کیلئے اپنے منشور کے اعلان کیلئے جلسہ کا انعقاد کرنا ہے، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر ذمہ داران کو جلسے کی اجازت کیلئے درخواستیں دیں لیکن تاحال لبرٹی چوک لاہور میں 15 اکتوبر کے جلسے کیلئے پی ٹی ائی کو اجازت نہیں دی گئی، اجازت نہ ملنے سے جلسے کے انتظامات کرنے کیلئے مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے، اس لیے عدالت ڈپٹی کمشنر لاہور کو پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے اجازت دینےکا حکم دے کیوں کہ الیکشن کیلئے آئین ہر سیاسی جماعت کو عوامی رابطے کی اجازت دیتا ہے۔