انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے فیصلہ سنایا
لاہور (نیوز ڈیسک) انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہاؤس کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں صنم جاوید سمیت پانچ ملزمان کی ضمانتیں منظور کرلیں۔ عدالت نے روبینہ جمیل کی ضمانت خارج کردی ۔ سانحہ 9 مئی کو پولیس کی گاڑیاں جلانے کیکیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کی۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے فیصلہ سنایا۔
ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڑ پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا ۔ ضمانتیں منظور ہونے والے ملزمان میں سید فیصل ،عمیر ،افشاں طارق ،صنم جاوید اور علی حسن شامل ہیں۔اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کو پولیس کی گاڑیاں جلانے کے کیس میں صنم جاوید ،روبینہ جمیل اور افشاں طارق سمیت دیگر کی ضمانتوں پر سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کی تھی، عدالت نے تفتیشی افسر کو ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا ملزمان صنم جاوید ، روبینہ جمیل ، افشاں طارق ، علی حسن ، فیصل اختر سمیت دیگر نے ضمانت بعد ازگرفتاری دائر کی تھی۔
جب کہ لاہور ہائیکورٹ نے جناح ہاؤس مقدمہ میں گرفتار خاتون روحینہ خان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔دورانِ سماعت ملزمہ کی جانب سے ایڈوکیٹ عرفان علوی عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل نے موقف دیا کہ ملزمہ جناح ہاؤس احتجاج میں شریک ہوئی اور پر امن احتجاج کیا۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزمہ ڈنڈا لے کر جناح ہاوس پہنچی تھی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ڈنڈا کہاں ہے، اس کی کوئی ویڈیو تصویر ہے۔پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے، عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر بعد ازگرفتاری درخواست ضمانت منظور کرلی ،جسٹس عالیہ نیلم پر مشتمل دو رکنی بینچ نے روحینہ خان کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے ملزمہ کی دو لاکھ مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا۔