شوہر کو زہر دینے کا خدشہ، بشری بی بی کا ایک بار پھر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع

بشری بی بی کی عمران خان کی جیل میں سیکورٹی اور تحفظ کی درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے ایک بار پھر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔بشریٰ بی بی نے درخواست میں موقف اپنایا کہ خدشہ ہے کہ شوہر کو جیل میں زہر دیا جا سکتا ہے۔بشریٰ بی بی نے عمران خان کی جیل میں سیکورٹی اور تحفظ کی درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی۔
جب کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل میں سہولیات فراہمی اور فیملی ، وکلا ذاتی معالج سے جیل ملاقات کی درخواست پر اعتراضات دور کر دئیے گئے۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے سماعت کی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست کل سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔اس سے قبل بشریٰ بی بی نے لطیف کھوسہ کے ذریعے ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی تھی۔
درخواست کے متن میں کہا کہ خدشہ ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں کھانے میں زہر دیاجاسکتا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کے کھانے کی اجازت نہیں دی گئی، ذمہ دار میڈیکل افسر کے ذریعے خالص خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماء و سابق رکن قومی اسمبلی علی محمدخان نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جان بارے شروع سے ہی تحفظات تھے،کون زہر دینا چاہتا ہے بغیر ثبوت کسی کا نام نہیں لینا چاہتا، اگر کسی کو سیاست سے باہر کرنا ہے تو عوام کی طاقت سے کریں، کسی کو اجازت نہیں کہ وہ کسی کو مائنس کرے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کی جان کوخطرہ لاحق ہے ، ان کی جان بارے شروع ہی سے تحفظات تھے ،کون زہر دینا چاہتا ہے، بغیر ثبوت کے کسی کا نام نہیں لینا چاہتا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں چیئرمین پی ٹی آئی کیلئے گھر سے کھاناجائے، اگر ان کیلئے گھر سے کھانا آئے تو کسی کو کوئی مسئلہ تو نہیں ہو گا۔