پاکستان میں آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین خطرات کے تناظرمیں آفات سے نمٹنے کے انتظام وانصرام کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ نیشنل ریزیلینس ڈے کے موقع پر پیغام
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں آفات سے نمٹنے کیلئے ایک مضبوط اور متحرک ادارہ جاتی ڈھانچہ موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ریزیلینس ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 8 اکتوبر کو نیشنل ریزیلینس ڈے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے اس ناقابل تسخیر جذبے کو خراج تحسین پیش کرنے کے طور پر منایا جاتا ہے جنہوں نے ہولناک اور تکلیف دہ آفت کا ہمت سے مقابلہ کیا، یہ دن ہمیں یہ بھی یاد دلاتا ہے کہ ہم ایک ایسے علاقے میں رہتے ہیں جہاں آفات کے خطرات موجود ہیں۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹیز کی صورت میں آفات سے نمٹنے کیلئے ایک مضبوط اور متحرک ادارہ جاتی ڈھانچہ موجود ہے، ضلعی سطح پر آفات سے نمٹنے کے انتظام وانصرام کے نظام کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین خطرات کے تناظرمیں حکومت آفات سے نمٹنے کے انتظام وانصرام کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے، اس حوالے سے مطلوبہ قانون سازی اور خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت پر مبنی گورننس کو فروغ دے رہے ہیں، موسمیاتی لحاظ سے موزوں بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر اور سب سے بڑھ کر موافقت میں اضافہ کیلئے پرعزم ہے۔
خیال رہے کہ آج 8 اکتوبر 2005ء کے قیامت خیززلزلہ کے شہداء کی 18ویں برسی منائی گئی، پاکستان و آزاد جموں وکشمیر بھر سمیت ضلع نیلم میں 8 اکتوبرکی صبح کاآغاز مساجد میں دعائوں کے ساتھ ہوا، شہداء کے سوگ میں سائرن بجاکر 1 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، ڈپٹی کمشنر، ایس پی نے قومی و ریاستی پرچم کشائی کی، شہداء زلزلہ 2005ء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی، شرکاء نے مملکت پاکستان و آزاد کشمیر سمیت امت مسلمہ کی کامیابی باالخصوص 2005ء کے قیامت خیززلزلہ میں شہید ہونے والوں کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔