ووٹ، جمہوریت اور اختیارات کے ذریعے تبدیلی لائیں گے: خالد مقبول

کراچی: (نیوز ڈیسک) ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ انتخابات میں ووٹ، جمہوریت اور اختیارات کے ذریعے تبدیلی لائیں گے۔

ایم کیوایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستان کو جوڑنے کا دن ہے، 1906ء میں ڈھاکہ میں مسلم لیگ بنی، پاکستان کی بنیاد ڈالی، پاکستان بندوق کی نوک پرنہیں بنا، 70ء میں ہمارے پاس چوائس تھی لیکن ہم نے پاکستان کو چنا، پاکستان کو بنانے کیلئے ہم 47ء میں اپنی مرضی سے آئے تھے۔

خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا ہم نے جب ہجرت کی تھی تو ہندوستان کو توڑ کر آئے تھے، ہمارا جینا مرنا پاکستان میں ہے اور ادھر ہی دفن ہونا پسند کرتے ہیں، ہم پاکستان میں دہشتگردی لیکر نہیں آئے تھے، ہم 20 لاکھ لوگوں کی قربانی دے کر آئے تھے، ہم پاکستان کی جمہوریت اور تعمیر و ترقی کیلئے ملکر کام کریں گے۔

انتخابات میں ووٹ، جمہوریت اور اختیارات کے ذریعے تبدیلی لائیں گے، جاگیردارانہ نظام جب تک ختم نہیں ہوگا پاکستان اپنے مقصد کو پورا نہیں کر پائے گا، ہمت کے ساتھ ایم کیو ایم کے ساتھ کھڑے ہونا اتنا آسان نہیں، یہ ملک دین کے نام پر بنا ہے، زبان کے نام پر نہیں، آپ اتنے ہی پاکستانی ہیں جتنے ہم ہیں، ہم حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ دینے والے لوگ نہیں ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے مزید کہا ہم اورنگی میں 15اکتوبر ایک کارنر میٹنگ کریں گے، مشرق وسطیٰ میں فلسطینیوں پرہونے والے اسرائیل کے مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔