مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں کا تسلسل جاری رہتا تو آج مہنگائی اور معاشی بحران نہ ہوتا

آج یہ حالات کیوں ہیں؟ اس کا جواب پی ٹی آئی کا دورحکومت ہے، نوازشریف کی واپسی سے عوام میں ایک نئی امید جاگی ہے، عوام کونظام میں بہتری کا ثمر ملے گا، صدر ن لیگ شہبازشریف کی گفتگو

لاہور(نیوز ڈیسک) صدر ن لیگ شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں کا تسلسل جاری رہتا تو آج مہنگائی اور معاشی بحران نہ ہوتا، آج یہ حالات کیوں ہیں؟ اس کا جواب پی ٹی آئی کا دورحکومت ہے، نوازشریف کی واپسی سے عوام میں ایک نئی امید جاگی ہے، عوام کونظام میں بہتری کا ثمر ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں، سعید احمد خان منہیس، آصف سعید منہیس، طلال چوہدری، خواجہ احمد حسان، رانا احسان افضل اور ملک محمد احمد خان کی پارٹی صدر سے الگ الگ ملاقات کی۔
ملاقات میں قائد محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کی تیاریوں پر بات ہوئی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور عام انتخابات کے حوالے سے امور بھی زیر غور آئے۔
پارٹی رہنماؤں نے اپنے اپنے علاقوں میں 21 اکتوبر کے لئے ہونے والی تیاریوں سے متعلق آگاہ کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف کی واپسی سے عوام میں ایک نئی امید، حوصلہ اور امنگ جاگی ہے، نوازشریف نے ہر بار نظام بہتر بنایا، بہتر چلایا اور عوام کو اس بہتری کا ثمر ملا، نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں کا تسلسل رہتا تو آج مہنگائی ہوتی اور نہ یہ بحران۔

آج پاکستان میں یہ حالات کیوں ہیں؟ 2018 سے 2022 کا دور اس کا جواب ہے۔ پارٹی رہنماؤں نے 21 اکتوبر کو قائد محمد نوازشریف کے بھرپور اور تاریخی استقبال کا عزم کیا۔اسی طرح مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پارٹی قائد نوازشریف کو ضمانت ملنے کے امکانات روشن نظر آرہے ہیں، عدالت اگر نواز شریف کو گرفتاری کے بعد ضمانت دیتی ہے تو بھی تیار ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پارٹی قائد نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے قانونی ٹیم نے تیاری پوری کی ہوئی ہے، جس کی بناء پر ہمیں نوازشریف کی ضمانت ملنے کے امکانات بہتر اور روشن نظر آرہے ہیں، سابق وزیراعظم کی حفاظتی ضمانت سے متعلق قانونی ٹیم نے تیاری کرلی ہے لیکن اگر عدالت نواز شریف کو گرفتاری کے بعد ضمانت دیتی ہے تو بھی قانونی ٹیم تیار ہے، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے کیسز کے پیش نظر نوازشریف کے ضمانت کے امکانات روشن ہیں۔