تحریک انصاف کو خیرباد کہنے والے 3 سابق ایم پی ایز، ایک سابق تحصیل ناظم نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کر لی
حافظ آباد (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کو حافظ آباد میں بڑی کامیابی مل گئی۔حافظ آباد میں بڑا سیاسی دھڑا ن لیگ میں شامل ہو گیا۔ بڑے سیاسی دھڑے کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں کارکنوں نے بھی ن لیگ میں شمولیت اختیار کر لی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو خیرباد کہنے والے 3 سابق ایم پی ایز، ایک سابق تحصیل ناظم نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کر لی۔
سابق ایم پی اے انتصار بھٹی، سابق ایم پی اے احسن انصر بھٹی اور سابق ایم پی اے نگہت انتظار بھٹی نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کر لی۔سابق ٹکٹ ہولڈر پی ٹی آئی عون انتصار بھٹی بھی ن لیگ میں شامل ہو گئے۔ن لیگ کی سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ کے ساتھ ملاقات میں تمام رہنماؤں نے شمولیت کا اعلان کیا۔
سائرہ افضل تارڑ نے تحریک انصاف چھوڑ کر ن لیگ میں شمولیت اختیار کرنے والے رہنماؤں کو پارٹی میں خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف کا 21 اکتوبر کو تاریخی استقبال کیا جائے گا۔ قبل ازیں حافظ آباد میں پاکستان تحریک انصاف حافظ آباد کے متعدد عہدیداروں نےاستحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ ترجمان استحکام پاکستان پارٹی کے مطابق آئی پی پی میں شامل ہونے والوں میں ضلعی سیکرٹری افضال احمد ہنجرا، نائب صدر رائے نواز کھرل اور سیکرٹری سکندر حیات تارڑ شامل ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے لاہور میں صدر آئی پی پی سے ملاقات بھی کی۔ صدر آئی پی پی نے نئے شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے سب کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قصور کے بعد ضلع حافظ آباد سے متعدد رہنمائوں کی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت خوش آئند ہے، ان کی جماعت کی اولین ترجیح مزدور اور کسان کی خوشحالی ہے۔