تمام سازشی کردار انجام کو پہنچ چکے‘ سب بھلا کر پاکستان کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنی ہے‘ قرض، مہنگائی اور معاشی بدحالی سے آزاد پاکستان بنائیں گے۔ اقلیتی ونگ ن لیگ کے اجلاس سے خطاب
لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف عوام اور ملک کو مشکلات سے نکالنے آ رہا ہے، 21 اکتوبر کو پاکستان کے اچھے دِن واپس آرہے ہیں، 21 اکتوبر کو پاکستان کی خوش حالی واپس آرہی ہے، 21 اکتوبر کو مہنگائی میں کمی واپس آرہی ہے، اس سے پہلے 2013سے 2018 تک نوازشریف کے دور میں مہنگائی کنٹرول میں رہی، نوازشریف کو نکالا تو ملک سے ترقی اور خوش حالی بھی نکل گئی، نواز شریف کو اقتدار سے نکالا تو ملک سے امن وسکون بھی نکل گیا، نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان کی ترقی کا وژن دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ کا مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں مسیحی، سکھ اور ہندو برادری کے نمائندوں اور عہدیداروں نے شرکت کی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے اجلاس کی صدارت کی، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کوئی اقلیت کوئی اکثریت نہیں، ہم سب پاکستانی ہیں، آج پاکستان کی اقلیتوں کے خوبصورت رنگ یہاں دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) غیرمسلم پاکستانیوں کی نمائندہ اور سب سے بڑی جماعت ہے، قائد نواز شریف نے مسلم اور غیرمسلم پاکستانیوں کے حقوق میں کبھی امتیاز نہیں برتا، غیرمسلم پاکستانی مینار پاکستان پر قائد نواز شریف کے ساتھ مل کر روشن پاکستان کی تعمیر کے عہد کا اعادہ کریں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ تحریک پاکستان میں اقلیتوں کا کردار ناقابل فراموش ہے، قیام پاکستان، دفاع پاکستان اور تعمیر پاکستان میں اقلیتوں کا برابر کا حصہ جو قابل فخر اور ناقابل فراموش ہے، اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزی نظریہ پاکستان اور بابائے قوم حضرت قائد اعظم کے وعدوں اور فرمودات کی خلاف ورزی ہے، تعلیم اور صحت کے شعبے میں اقلیتوں کا کردار کیسے نظر انداز ہو سکتا ہے، قائد نواز شریف 21 اکتوبر کو آئین کے مطابق غیرمسلم پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کا ایجنڈا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جیسے ایک ازاد پاکستان بنا تھا، اب قرض، مہنگائی اور معاشی بدحالی سے آزاد پاکستان بنائیں گے، مینار پاکستان پر ایک اسلامی جمہوری فلاحی مملکت کا خواب دیکھا تھا اب مینار پاکستان پر پاکستان کو معاشی آزادی دلانے کا ایک اور تاریخی عہد کریں گے، نواز شریف نے قوم سے ہر وعدہ پورا کیا اب معاشی طور پر خود انحصار پاکستان بنانے کا وعدہ پورا کریں گے۔
سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ کا دائرہ پورے پاکستان تک پھیلا رہے ہیں، پاکستان کی تمام اقلیتوں کو مسلم لیگ (ن) اقلتی ونگ کا حصہ بنائیں گے، قومی سطح پر اقلیتوں کی آواز کو طاقتور اور توانا بناکر پاکستان کو مضبوط کریں گے، قومی فیصلہ سازی میں اقلیتوں کے کردار اور آواز کو بڑھانا ہے، سکھ برادری کو دیکھ کر اپنے دادا کے پیدائشی علاقے امرتسر کی یاد آگئی، امرتسر میں دادا کے گھر کو گوردوارہ بنا دیا گیا تھا، امرتسر سے ہمیشہ دعاﺅں کے پیغامات آتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم سب پاکستانی ہیں، آپ بھی اس کے اتنے ہی اہم سٹیک لوڈر ہیں جتنے ہم ہیں، سانحہ جڑانوالہ میں ملوث تمام عناصر کو سزا ملنی چاہیے، مسیحی برادری کو جس طرح اپنے گھروں سے باہر رہنا پڑا، وہ ہم سب کے لئے انتہائی قابل افسوس اور باعث شرم ہے، سانحہ جڑانوالہ نے ہمارے سر شرم سے جھکادئیے، افسوس ہے اتنی بڑی مسیحی برادری کو تحفظ نہیں دیا جاسکا، سانحہ جڑانوالہ پر مسیحی اور اقلیتی برادری کو جو تکلیف پہنچی اس پرپاکستانیوں کی طرف سے معذرت کرتی ہوں، قائد محمد نوازشریف نے اقلیتوں کے ساتھ ہمیشہ یک جہتی کی، نوازشریف کرسمس والے دن پیدا ہوئے، میں بھی اقلیتوں کے احترام اور یک جہتی والا جذبہ لے کر بڑی ہوئی ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈویژنل سطح پر اقلیتی ونگ کے کنونشز انتہائی متاثر کن اور قابل تعریف تھے، اقلیتیں 21 اکتوبر کو بھرپور انداز میں قائد نوازشریف کا استقبال کریں گی، مینار پاکستان پر مل کر پاکستان کی ترقی کا عہد کریں گے، پاکستان کے نوجوانوں کومذموم مقاصد کے لئے استعمال کیاگیا، آگ اور خون کی ندیاں بہائی گئیں، اللہ تعالی کے فضل سے تمام سازشی کردار اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں، سب کچھ بھلا کر پاکستان کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنی ہے۔