کل جو شہباز شریف کے ساتھ ہوا ہے یہ شروعات ہے ، 16 مہینے وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھنے کے بعد آپ اپنے حلقہ میں کام نہیں کرا سکے،غیر ملکی اور غیر ضروری دوروں پر زور لگا کر رکھا۔پی ٹی آئی رہنما کا ٹویٹ
اسلام آباد (ویب ڈیسک) گزشتہ روز حلقے کے دورے کے موقع پر کچھ لوگوں نے سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی گاڑی روکی تھی،حلقے کے عوام کی طرف سے شہباز شریف کی گاڑی روک کر احتجاج بھی کیا گیا۔اسی حوالے سے پی ٹی آئی رہنما مونس الہیٰ نے شہباز شریف پر سخت تنقید کی ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کل جو شہباز شریف کے ساتھ ہوا ہے یہ شروعات ہے ۔
16 مہینے وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھنے کے بعد آپ بہت بری طرح ایکسپوز ہو گئے ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے حلقہ میں کام نہیں کرا سکے ، ملک کا خیال نہیں رکھ سکے لیکن غیر ملکی اور غیر ضروری دوروں پر زور لگا کر رکھا ۔ اب تو آپ کو لانے والے بھی سوچتے ہوں گے۔
https://x.com/MoonisElahi6/status/1709904713599127713?s=20
دوسری جانب شہبازشریف نے جمعرات کو عمائدین کو ملاقات کے لئے بلا لیا۔
شہبازشریف سےحلقے کے عمائدین کی ملاقات ہوئی۔ شہبازشریف نے حلقے کے عمائدین کے مسائل اور شکایات کو سنا،شہباز شریف نے کہا کہ حلقے کے عوام ، ووٹرزاورسپورٹرز کی شکایات کا حل اولین ترجیح رہی ہے اور رہے گی۔ شہبازشریف نے حلقے کے عمائدین کی شکایات پر انکوائری کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی شکایات کو سننا اور انہیں حل کرنا میرا فرض ہے۔
https://x.com/CMShehbaz/status/1709870135324913886?s=20
عمائدین علاقہ نے ملاقات کے لئے بلانے اور شکایات کا ازالہ کرنے پر شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا۔شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کل میں نے اپنے قومی اسمبلی کے حلقے سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا۔ اس کیمپین کا مقصد صرف اپنا ایجنڈا عوام کے سامنے رکھنا ہی نہیں بلکہ ان کی باتیں اور تجاویز سن کر ان سے سیکھنا اور مسائل کا حل تلاش کرنا بھی ہے۔ کل میرے حلقے سے کچھ لوگوں نے میری گاڑی روک کر اپنے مسائل بیان کیے۔ آج میں نے ان کے نمائندوں کو مدعو کیا، ان کے علاقے کے مسئلے کو سنا اور اس کے حل کی یقین دہانی کروائی۔