پولیس شیخ رشید کو ایک ہفتے میں پیش کرے ورنہ ایف آئی آر ہوگی: عدالت

راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے پولیس کو ایک ہفتے میں شیخ رشید کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی حراست کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی، جس سلسلے میں آر پی او راولپنڈی سید خرم علی عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے آر پی او سے سوال کیا کہ شیخ رشید اور ان کے ساتھ دیگر دو اشخاص کہاں ہیں؟ آپ لکھ کر عدالت کو دینگے یا شیخ رشید کو پیش کرینگے؟ عدالت کے پوچھنے پر آر پی او نے عدالت سے مزید 15 دن کا وقت مانگ لیا۔

اس پر عدالت نے کہا کہ 15 دن بہت زیادہ ہیں یہ عام معاملہ نہیں، دو دن کی بھی مہلت بہت زیادہ ہوگی۔

جسٹس صداقت علی نے کہا کہ وکیل درخواست گزار سردار عبدالرازق کے کہنے پر مزید 7 دن کی مہلت دیتا ہوں، شیخ رشید ایک ہفتے کے اندر پیش نہ ہوئے تو عدالت ایف آئی آرکا حکم دے گی، شیخ رشید کے ساتھ گرفتار 2 افراد رہائی کے بعد کیا کہہ رہے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کر دی۔