نوازشریف معیشت بحال، دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے: مریم نواز

لاہور: (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف پاکستان کی معیشت بحال اور دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے۔

سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کے زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ والنٹیئرز کا اجلاس ہوا، مریم نواز کی اجلاس میں آمد پر یوتھ والنٹیئرز نے پرجوش نعروں سے ان کا زبردست استقبال کیا، اجلاس میں قائد محمد نواز شریف کے 21 اکتوبر کو استقبال کے حوالے سے مشاورت کی گئی، مریم نواز نے یوتھ والنٹیئرز کے جوش و جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔
https://x.com/pmln_org/status/1708444091464499235?s=20

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف بھی آپ اور عوام سے بہت محبت کرتے ہیں، 21 اکتوبر کو عوام ثابت کریں گے کہ قائد صرف نوازشریف ہیں، نوازشریف پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے آ رہے ہیں، نوازشریف پاکستان کے زخموں پر مرہم ہے، اللہ تعالیٰ نے ہمیشہ نواز شریف کو سرخرو اور سربلند کیا۔

چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ نظام کی اصلاح، عوام کی فلاح نوازشریف کا مقصد ہے، ہمیشہ کہتی ہوں کہ نوازشریف کی دی ہوئی ترقی نکال دیں تو پاکستان میں صرف کھنڈرات بچیں گے، نوازشریف عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے، قائد مسلم لیگ ن نوجوانوں اور مزدوروں کے لئے روزگار، امن اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے، ہم نے قوم کی خدمت کا ایک لمحہ ضائع کیا نہ آئندہ کریں گے۔

اس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ21 اکتوبر کو اپنے قائد نوازشریف کا بھرپور استقبال کریں گے، اپنے بچوں اور فیملیز کے ہمراہ قوم کے مسیحا کو خوش آمدید کہیں گے۔