لوگوں کے چہروں سے مسکراہٹیں غائب ہیں‘ ہر طرف خوف اور بے یقینی کی کیفیت ہے‘ افغان کرنسی پاکستان سے 3 گنا زیادہ مضبوط ہے، بنگلادیش، نیپال، بھوٹان، سری لنکا، انڈیا سب ترقی یافتہ ہیں۔ امیر جماعت اسلامی کا خطاب
لاہور (نیوز ڈیسک) امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حالات خرابی کا سب اعتراف کررہے ہیں لیکن ذمہ داری کوئی قبول نہیں کر رہا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خبر دیکھی وفاقی حکومت نے پٹرول فی لٹر 8 روپے سستا کردیا، ساتھ ہی خبرپڑھی کہ گیس کی قیمت میں 20 فیصد اضافہ کردیا گیا، لوگوں کے چہروں سے مسکراہٹیں غائب، خوف و بے یقینی ہے کیوں کہ چاروں طرف تباہی و بربادی ہے، مجھے بتائیں کیا تعلیمی نظام ٹھیک ہے؟ زراعت ترقی کررہی ہے؟ صدر اور وزیراعظم سے لے کر پولیس تک سب حالات خرابی کا اعتراف کررہے ہیں لیکن ذمہ داری کوئی بھی قبول کرنے کو تیار نہیں ہے۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ افغان کرنسی پاکستان سے 3 گنا زیادہ مضبوط ہے، بنگلادیش، نیپال، بھوٹان، سری لنکا، انڈیا سب ترقی یافتہ ہیں، بھارتی وزیراعظم نے کبھی لندن امریکہ میں جائیدادیں نہیں بنائیں، امریکہ کے سابق صدر اقتدار سے نکلنے کے بعد نوکری کررہے ہیں، سابق امریکی صدر اوباما ان کی اہلیہ اور بیٹی ملازمت کرتی ہیں۔
علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بدامنی اور مہنگائی ملک کے سلگتے ہوئے مسائل، براہ راست ذمہ دار ماضی کی حکومتیں ہیں، خیبر پختونخواہ میں دہشت گردی کی نئی لہر سے صوبہ کا ہرشخص بری طرح متاثر، بلوچستان جل رہا ہے، اندرون سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقوں میں ڈاکو راج، بڑے شہروں میں سٹریٹ کرائمز، ڈکیتی کی وارداتوں نے شہریوں کی زندگی جہنم بنادی، ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے صوبوں اور مرکز میں سالہا سال حکومت کی، بہتری نہ لاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ عدم استحکام اور معاشی بحران کے خاتمہ کے لیے قوم جماعت اسلامی کو موقع دے، آزمائی ہوئی حکمران جماعتوں کے لیڈران ایک دفعہ پھر عوام کودھوکا دینے کی کوشش کررہے ہیں، بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اب کی بار ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کے دلفریب اور حھوٹے نعروں کا شکار نہ بنیں، یہ لوگ ووٹ لے کر مڑ کے نہیں دیکھتے، پاکستانیوں کے لیے فیصلہ کن لمحات آنے والے ہیں، سات دہائیوں سے ملک لوٹنے والوں کا ووٹ کی طاقت سے احتساب کرنا ہوگا۔