عوام کو مہنگائی اور مہنگے بلوں سے نجات کی ضمانت نواز شریف ہیں،مریم نواز

پارٹی قائد چوتھی بار منتخب ہو کر ملک و قوم کیلئے تاریخی کردار ادا کریں گے،سنیئر نائب صدر مسلم لیگ ن کا اجلاس سے خطاب

لاہور (نیوز ڈیسک) مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف چوتھی بار منتخب ہو کر ملک و قوم کیلئے تاریخی کردار ادا کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق مریم نواز کی زیر صدارت مسلم لیگ ن پنجاب کے اضلاع،ڈویژن کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کا اجلاس ہوا جس میں نواز شریف کی وطن واپسی اور استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ سنیئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کی ہر امید اور وعدے کی تکیمل نواز شریف ہیں،عوام کو مہنگائی اور مہنگے بجلی بلوں سے نجات دلائیں گے۔
ن لیگ مزدور،کسان اور محنت کشوں کو ریلیف دلا سکتی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اقتدار میں آئے گی تو تعمیر و ترقی اور امن و خوشحالی لائے گی۔ ہم ترقی کا ویژن دے کر قوم کو متحد کریں گے،بحران کا حل صرف نواز شریف ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کی فیصلہ کن جنگ کی قیادت نواز شریف کریں گے،ہم چوتھی بار منتخب ہو کر ملک و قوم کیلئے تاریخی کردار ادا کریں گے۔

جبکہ جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ن لیگ قیادت کی کوشسوں سے ہی چین نے سی پیک کی صورت میں بڑی سرمایہ کاری کی،نوازشریف کو نہیں بلکہ ترقی کے عمل کو روکا گیا۔ یاد رہے کہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے بھرپور استقبال کیلئے سابق وزیراعظم شہباز شریف،مریم نواز اور حمزہ شہباز سرگرم ہو گئے ہیں،مریم نواز اور حمزہ شہباز کل سے لاہور میں جلسوں کا آغاز کریں گے۔ مسلم لیگ ن کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ کل شاہدرہ میں پہلا جلسہ ہو گا،آئندہ 10 روز تک مختلف مقامات پر مسلم لیگ ن مسلسل جلسے کرے گی۔ انکا کہنا تھا کہ شہباز شریف،مریم نواز اور حمزہ شہباز جلسوں سے خطاب کریں گے۔