افنان اللہ کی درخواست پر شیر افضل مروت کے خلاف تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج

سینیٹر افنان اللہ نے شیر افضل مروت کے خلاف اندراج مقدمہ کے لئے درخواست دی تھی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ کی درخواست پر شیر افضل کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ سینیٹر افنان اللہ نے پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت کے خلاف اندراج مقدمہ کے لئے درخواست دی تھی۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق سینیٹر افنان اللہ خان کی درخواست پر تھانہ آبپارہ میں دفعہ 506 ، 352 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مقدمہ میں حملہ کرنا،شہرت کو نقصان پہنچانا اور زخمی کرنے کی دفعات شامل کرنا شامل ہیں۔ایک ٹی وی پروگرام کے دوران سینیٹر افنان اللہ اور پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت کے مابین ہاتھا پائی ہوئی تھی۔شیر افضل مروت نے سینئر اینکر جاوید چوہدری کے پروگرام میں افنان اللہ کو تھپڑ رسید کیا جس کے بعد لڑائی بڑھ گئی۔
ذرائع کے مطابق افنان اللہ نے تھپڑ کھانے کے بعد شیر افضل مروت کو دھکا دے کر زمین پر گرایا اور لاتیں ماریں۔

پروگرام کی انتظامیہ نے دونوں مہمانوں کو چھڑایا۔بعدازاں شیر افضل مروت سٹوڈیو سے چلے گئے۔شیر افضل مروت نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی چئیرمین کو گالی دینے پر افنان اللہ کو تھپڑ مارا۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عمران خان کو گالی دی ۔ ان کو علم نہیں تھا کہ میں خان کے وکیل کے ساتھ ان کا مرید بھی ہوں۔

جس انداز میں پٹھان گالی کا جواب دیتے ہیں ۔ تو میں نے اسی انداز گالی کا جواب دیا۔ انہوں نے گالی خان صاحب کو دی اگر مجھے دی ہوتی میں پھر بھی کنٹرول کرتا ۔لیکن عمران خان کو یہ کہنا کہ یہودی ہے ایسی بکواس کرنے کی ضرورت نہیں تھی ۔ لہٰذا اس کی ٹریٹمنٹ کرنا بنتی تھی۔شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ افنان اللہ نے کوئی آپشن چھوڑا ہی نہیں تھا کہ میں سائڈ پر بیٹھا ہوں، پورا پاکستان دیکھ رہا ہو اور وہ عمران خان کو گالیاں دے رہا ہو۔ میرے لئے ممکن ہی نہیں کہ میں ان کوواپس گالیاں دوں۔ مجھے تو اردو میں گالیاں بھی نہیں آتی لہٰذا میں نے ان کا حساب پورا کر دیا۔
https://x.com/sherafzalmarwat/status/1707286373537870002?s=20