ہمارا بیانیہ ایک ہی ہے اور وہ ملک کی خدمت ہے،نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو خوشحالی کی طرف لیکر جائیں گے،سابق وزیر داخلہ کا خطاب
گوجرانوالہ (نیوز ڈیسک) رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے مجرموں کو سزا کے بجائے الیکشن لڑنے دیں،ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ن لیگ کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا بیانیہ ایک ہی ہے اور وہ پاکستان کی خدمت ہے۔ نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان آ رہے ہیں اور مینار پاکستان پر قوم سے خطاب کریں گے،سابق وزیراعظم ملکی مسائل کا حل بتائیں گے۔
نواز شریف کے بتائے گئے راستے پر چل کر ملک بحران سے نکلے گا۔ انکا کہنا تھا کہ نواز شریف 90 کی دہائی میں آئے تو قوم نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا تھا۔ ن لیگ کے دور میں ہی اکنامک ریفارمز کی گئی تھیں اور پاکستان ایشین ٹائیگر بننے کی دوڑ میں شامل ہوا تھا۔
2013 میں لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی تھی لیکن ہم نے اپنے دور میں لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ہٹانے کے بعد ترقی کا سفر جہاں روکا تھا ہم ترقی کا سفر وہی سے شروع کریں گے،ن لیگ نواز شریف کی قیادت میں ملک کو خوشحالی کی طرف لیکر جائے گی۔ سابق وزیر داخلہ نے چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان تکبر کا شکار ہوا ہے،عمران خان نے اپنے چار سالہ دور اقتدار میں اپوزیشن سے بات تک نہیں کی تھی۔
9 مئی کے مجرموں کو سزا دینے کے بجائے الیکشن لڑنے دیں،ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ الیکشن لڑنا ہے اس لیے معاف کر دیا جائے تو دنیا میں ایسا کوئی قانون نہیں،جن لوگوں نے جرم کیا ہے وہ اس کا حساب بھی دیں گے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کو پراسکیوٹ نہیں کریں گے تو یہ واقعات روز ہوا کریں گے،جس ٹولے نے 9 مئی برپا کیا اسے جرم کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 9 مئی کے مجرموں کو کٹہرے میں لایا جا رہا ہے،جو بے گناہ ہے اسے چھوڑ دیا جائے گا اور جس نے جرم کیا اسے سزا مل گی۔