عدالت نے طیبہ راجہ سمیت 11 ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کر دی
لاہور (نیوز ڈیسک) جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے طیبہ راجہ سمیت جناح ہاؤس کیس کے 11 ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔عدالت نے ڈاکٹر سرمد اور محمد اقبال کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد ارشد جاوید نے فیصلہ سنایا۔
طیبہ امبرین راجہ ،قاسم علی،شیخ تخلیق ،اسامہ عارف،محمد اشفاق ،رانا غضنفر ، شہرام مبارک ، بابر حسین انجم ،قربان علی، محمد مقبول اور طارق مسیح کی درخواست ضمانت خارج کی گئی ہے ۔ملزمان کیخلاف تھانہ سرور روڑ میں مقدمہ نمبر 96/23 درج ہے۔ملزمان پر جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کا الزام ہے۔مقدمہ میں بغاوت سمیت دیگر نئی دفعات شامل ہو چکی ہیں۔
دوسری جانب عدالت نے صنم جاوید سمیت دیگر ملزمان کی ضمانتیں منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ملزمان میں صنم جاوید ،شاہ بانو ،افشاں طارق ،روبینہ جمیل اور آشیما شجاع شامل ہیں۔انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے فیصلہ جاری کیا۔تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ صنم جاوید سوشل ایکٹوسٹ ہے ہوسکتا وہ احتجاج کو کور کرنے گئی ہو۔
صنم جاوید جب سے گرفتار ہیں وہ جیل میں ہیں۔ ان ملزمان سے متعلق کوئی خاص کردار منسوب نہیں کیا گیا۔ دہشت گردی قوانین کے مطابق چالان مخصوص وقت میں جمع ہونا چاہیے۔ مگر مقدمے کا چالان جمع نہیں ہوسکا۔ صنم جاوید کا کردار شریک ملزمان سے مختلف ہے۔ یہ معاملہ مزید انکوئری کا مطالبہ کرتا ہے ۔فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت ضمانت بعدازگرفتاری گرفتاری منظور کرنے کا حکم دیتی یے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے صنم جاوید سمیت دیگر ملزمان کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے جناح ہائوس حملہ کیس میں ملوث صنم جاوید سمیت 9 ملزموں کی ضمانتیں منظور کر لیں جبکہ خدیجہ شاہ سمیت 39ملزمان کی درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔ بعدازا ں پراسیکیوشن نے جناح ہائوس حملہ کیس میں صنم جاوید سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت منظوری کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔