ہمارے بھکاری سب سے زیادہ بیرونِ ملک جا رہے ہیں

بیرونِ ممالک میں گرفتار 90 فیصد بھکاری پاکستانی ہوتے ہیں،عراقی اور سعودی سفیر ہمیں کہتے ہیں ان کی جیلیں بھر گئیں،سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز کے انکشافات

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ہمارے بھکاری سب سے زیادہ بیرونِ ملک جا رہے ہیں،سیکرٹری وزارت اوورسیز پاکستانی نے انکشاف کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز کا اجلاس ہوا،سینیٹر منظور احمد نے اجلاس کی صدارت کی۔ سیکرٹری وزارتِ اوورسیز پاکستانیز نے اجلاس میں بریفنگ کے دوران نئے انکشافات کر دئیے۔

سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز نے کہا کہ ہماری بھکاری سب سے زیادہ بیرونِ ملک جا رہے ہیں،جہاز بھر بھر کر فقیر باہر جاتے ہیں۔ بیرونِ ممالک سے گرفتار ہونے والے 90 فیصد بھکاری پاکستانی ہوتے ہیں،حرم پاک کے اندر سے جتنے جیب کترے پکڑے جاتے ہیں ان میں زیادہ تر پاکستانی ہیں۔ سیکرٹری نے بتایا کہ بھکاری عمرے کے ویزے پر بھیک مانگنے جاتے ہیں،اب یہ ہیومین ٹریفکنگ کا مسئلہ بن گیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ عراقی اور سعودی سفیر ہمیں کہتے ہیں ان کی جیلیں بھر گئی ہیں۔ سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز نے مزید بتایا کہ بھکاری زیادہ تر عمرے اور وزٹ ویزے پر باہر جاتے ہیں،ورک ویزے پر نہیں۔اس مسئلے کے حل کیلئے دفترِ خارجہ سے مل کر میکنزم بنا رہے ہیں۔ جبکہ وزارتِ اوورسیز حکام نے بتایا کہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کی کل تعداد 2700 ہے،جاپان کے ساتھ دو طرفہ تعاون 2019 میں شروع ہوا۔