خاور مانیکا کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں،مجھے نہیں علم کیا ہے،وہاں دکانیں 60 سال سے ہیں جو قبرستانوں سے ملحقہ ہوتی تھیں۔خاور مانیکا کی میڈیا سے گفتگو

لاہور(نیوز ڈیسک) خاور مانیکا کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔خاور مانیکا کو 8 روز کے لیے اینٹی کرپشن کے سپرد کیا گیا ہے۔سینئر سول جج اوکاڑہ نے کہا ہے کہ خاور مانیکا کو 4 اکتوبر کو دوبارہ پیش کیا جائے۔ جب کہ خاور مانیکا نے صحافی کے سوالات کے جوابات بھی دئیے۔ صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ سے سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے۔
خاور مانیکا نے کہا کہ میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں،مجھے نہیں علم کیا ہے۔بتائیں الزام کیا ہیں، کیا انہوں نے شادی ہال دیکھا ہے۔ہم نے وہاں ایک دربار بنایا ہے۔وہاں دکانیں 60 سال سے ہیں جو قبرستانوں سے ملحقہ ہوتی تھیں۔خیال رہے کہ گذشتہ روزلاہور کی مقامی عدالت نے غیرقانونی شادی ہال اور دکانیں تعمیر کرانے کے کیس میں بشریٰ بی بی کے سابق خاوند خاور مانیکا کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا تھا۔
خاور مانیکا کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور سے حراست میں لیا تھا اور بعدازاں انہیں اینٹی کرپشن کے حوالے کر دیا گیا۔اینٹی کرپشن حکام نے گرفتاری کے بعد خاور مانیکا کو ضلع کچہری لاہور میں پیش کیا جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے ان کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے منگل کو متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔
خیال رہے کہ اینٹی کرپشن نے شوہر خاور فرید مانیکا کو گرفتار کر لیا اس حوالے سے ترجمان اینٹی کرپشن نے بتایا کہ خاور مانیکا کو سرکاری رقبے پر ناجائز تعمیرات کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ خاور مانیکا کے خلاف ڈپٹی کمشنر کے ریفرنس پر انکوائری کر رہے ہیں، ان پر قبرستان کی جگہ پر غیر قانونی شادی ہال تعمیر کرنے کا الزام ہے، انہوں نے قبرستان کی زمین پر غیر قانونی طور پر 26 دکانیں تعمیر کیں۔
اینٹی کرپشن کے ترجمان کے مطابق خاور فرید مانیکا ملک سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ اینٹی کرپشن نے ان کی ملک سے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا کر انہیں گرفتار کر لیا۔دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی ای)کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے خاور مانیکا کو دبئی جاتے ہوئے روکا، وہ غیر ملکی ایئر لائن کے ذریعے دبئی جا رہے تھے۔ایف آئی اے نے کہا کہ خاور مانیکا کا نام ای سی ایل میں ہونے کی وجہ سے انہیں روکا گیا، خاور مانیکا دبئی جانے کے لیے لاہور ایئر پورٹ پر پہنچے تھے، ان کو اینٹی کرپشن ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔