ن لیگ کو اتنی پشت پناہی حاصل ہے کہ اب نگران وزیر داخلہ بھی ان سے محفوظ نہیں، ن لیگ والے ریاست کو دھمکیاں لگا رہے ہیں اور کوئی انہیں پوچھنے والا نہیں،رہنما تحریک انصاف
لاہور (نیوز ڈیسک) رانا ثناء اللہ کی جانب سے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کو دھمکی دینے پر تحریک انصاف نے ردِعمل دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق رہنما تحریک انصاف حماد اظہر نے کہا ہے کہ کیا مسلم لیگ ن کو اتنی پشت پناہی حاصل ہے کہ اب نگران وزیر داخلہ بھی ان سے محفوظ نہیں؟۔ ن لیگ والے ریاست کو دھمکیاں لگا رہے ہیں اور کوئی انہیں پوچھنے والا نہیں۔
حماد اظہر نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے کہنے پر آج بھی اہم تعیناتیوں کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔
https://x.com/Hammad_Azhar/status/1706600526475837618?s=20
یاد رہے کہ سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ نگران وزیر داخلہ بیان دینے سے پہلے وزیرِ داخلہ شیخ رشید کا انجام دیکھ لیں۔ انہوں نے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے بیان کو “حد سے تجاوز” قرار دیا اور کہا کہ سرفراز بگٹی نواز شریف کے بارے میں بیان بازی سے اپنا قد بڑھانے کی کوشش نہ کریں۔
نواز شریف جیلوں اور فورس کا سامنا کرچکے ہیں،انکی فکر چھوڑیں اپنے کام پر توجہ دیں۔ نواز شریف پر اللہ تعالیٰ کی رحمت ہے۔ انکا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خلاف سازش کا خمیازہ عوام اور ملک نے بھگتا ہے،پارٹی قائد کے خلاف جھوٹے کیس بنا کر ملک کے ساتھ اور عوام کے ساتھ دشمنی کی گئی۔ نواز شریف نے ائیرپورٹ سے 21 اکتوبر کو کہاں جانا ہے یہ وزیرِ داخلہ وفاق کا فیصلہ نہیں بلکہ یہ عوام کا فیصلہ ہو گا۔
جبکہ نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی گرفتاری پر بیان کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ بیان کو سیاق سباق سے ہٹ کر سیاسی رنگ دیا گیا، نگران حکومت کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ نواز شریف پاکستان کی سیاست میں واپس آنا چاہتے ہیں۔