نوازشریف کی سزا کے خلاف اپیل کیلئے عدالت میں پیشی ضروری ہے

نوازشریف کے بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کیا جائے گا، ان کی واپسی سے متعلق عدالتی حکم میں تمام تفصیلات طے شدہ ہیں، فیصلہ ہوگیا کہ نوازشریف کے استقبال کیلئے موزوں جگہ مینار پاکستان ہے۔ مرکزی رہنماء ن لیگ ملک احمد خان

لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء ملک احمد خان نے کہا ہے کہ نوازشریف کی وطن واپسی پر ان کے بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے آج یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی واپسی سے متعلق عدالتی حکم میں تمام تفصیلات طے شدہ ہیں، نوازشریف کے بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کیا جائے گا،نوازشریف کی سزا کے خلاف اپیل کیلئے عدالت میں پیشی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے استقبال کیلئے فیصلہ ہواہے کہ مینار پاکستان سب سے موزوں جگہ ہے۔ احمد ملک نے کہا کہ معیشت کا بھٹہ بٹھانے، نفرت پھیلانے پر کس بات کا این آراو چیئرمین پی ٹی آئی کو دیا جائے۔ مزید برآں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہبازشریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں ملک میں تاریخ کی سب سے کم مہنگائی تھی، پاکستان نے اپنے وسائل سے 12ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرکے لوڈشیڈنگ ختم کی ، نوازشریف کے دور میں ترقی کی شرح ساڑھے 6فیصد تھی، نوازشریف پاکستان کی ترقی کے معمار ہیں، ن لیگ کے دور میں ملکی صورتحاہ بہتر ہوئی۔
سی پیک کی مد میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، زراعت پاؤں پر کھڑی ہوگئی ہے، پاکستان کی تاریخ کی سب سے کم سطح پر ساڑھے 3 فیصد مہنگائی تھی۔ہمارا بیانیہ پاکستان کی خوشحالی ہے، انتخابی مہم میں بیانیہ سابق دور کی کارکردگی ہوگا، ترقی وخوشحالی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے۔ شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف کی 21اکتوبر کو پاکستان واپسی کا پروگرام فائنل ہے، تمام پارٹی رہنماء 21اکتوبر تک بیرون ملک سفر نہ کریں، ن لیگی کارکنان اپنے قائد کے استقبال کی تیاریاں کریں، مسلم لیگ ن کے کارکنان استقبال کی تیاری کیلئے اپنے حلقوں میں وقت دیں ۔
سابق وزیر، مرکزی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ 21 اکتوبر کو قائد پاکستان مسلم لیگ (ن)محمد نواز شریف کا تاریخ ساز استقبال کریں گے،جس کی تمام تیاریاں مکمل کی لی گئی ہیں۔ انہوں نے مسلم لیگ(ن )کے کونسلرز سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ مسلم لیگ (ن )جب بھی اقتدار میں آئی پاکستان میں بڑے بڑے منصوبے شروع کیے گئے۔ مسلم لیگ(ن) پر تنقید کرنے والے 2013 سے 2018 کا ایمانداری سے جائزہ لیں تو فرق واضح ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مسلم لیگ ن کی مقبولیت پر ناز ہے، 21 اکتوبر کو مخالفین کو معلوم ہو جائے گا کہ پاکستانی عوام محمد نواز شریف کے ساتھ ہیں اور وہی ان کے مسائل حل کر سکتے ہیں۔