انتخابات سے پہلے عمران خان کی مشکلات میں اضافہ ہو گا،منظور وسان کی نئی پیشگوئی

اکتوبر میں نواز شریف کے وطن واپس آنے یا نہ آنے سے متعلق پتہ چل جائے گا،ہم عوام کی طاقت سے حکومت بنائیں گے،رہنما پیپلز پارٹی

کراچی (نیوز ڈیسک) منظور وسان نے عمران خان سے متعلق نئی پیش گوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سنیئر رہنما منظور وسان نے سیاسی منظر نامے کے حوالے سے نئی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام انتخابات سے پہلے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی مشکلات میں اضافہ ہوتا دیکھ رہا ہوں۔ انہوں نے اپنے بیان میں قائد مسلم لیگ ن کے بارے میں کہا کہ اکتوبر میں معلوم ہو جائے گا نواز شریف وطن واپس آ رہے ہیں یا نہیں؟۔
منظور وسان کا کہنا تھا کہ 28 جنوری اتوار کو الیکشن ہوں گے اس لئے جیالے تیاری کریں،ہم عوام کی طاقت سے حکومت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل الیکشن کے بعد بھی جاری رہے گا،سیاستدانوں اور بیورو کریٹ کے ساتھ ساتھ دیگر کا بھی احتساب ہونا چاہئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے عام انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ 28 جنوری 2024 الیکشن کا دن ہے۔

عام انتخابات میں پی پی پی اور ن لیگ میں مقابلہ سخت ہو گا،سندھ میں پی پی پی کے خلاف تمام جماعتوں کا اتحاد بنے گا وہ ایک ساتھ الیکشن لڑیں گے۔ جی ڈی اے کا سندھ سے صفایا ہوچکا ہے،سندھ میں پی پی پی سوئپ کرے گی۔ انکا کہنا تھا کہ دیگر صوبوں میں بھی پی پی پی زیادہ سیٹیں لے گی۔ احتساب مخصوص لوگوں کا نہیں بلکہ سب کا ہونا چاہئیے،پی ٹی آئی کی پوزیشن ڈاؤن ہے۔ پیپلز پارٹی کے سینئر نے کہا کہ نگراں حکومت کے ذہن میں تھا وہ ایک سال رہیں گے، مگر اب الیکشن کا اعلان ہوچکا ہے۔نگراں حکومت میں مہنگائی میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے،غریب طبقہ پریشان ہے۔ایم کیو ایم کا حلقہ بندیوں سے متعلق واویلا بلا جواز ہے،ایم کیو ایم سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہر دور میں اقتدار میں رہی۔