چیف جسٹس سے وکلاء تنظیموں کی ملاقات، انصاف کی تیز تر فراہمی پر تجاویز دیں

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) سائلین کو تیز تر انصاف کی فراہمی کیلئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وکلا تنظیموں کے نمائندوں سے مشاورت کی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کے نمائندگان نے ملاقات کی، وکلا رہنماؤں نے انصاف کے نظام میں بہتری اور زیر التوا مقدمات نمٹانے سے متعلق تجاویز دیں۔

وکلا کے مسائل سے متعلق معاملات سپریم کورٹ کی کمیٹی میں زیر بحث لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، ملاقات میں سپریم کورٹ کے سینئر جج سردار طارق مسعود بھی شریک تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ایگزیکٹو باڈی پاکستان بار کونسل حسن رضا پاشا اور سینئر رہنما عابد ساقی نے بتایا ہے کہ عرصہ دراز سے زیر التوا مقدمات کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کے حوالے سے پالیسی بنے گی، عوام کیلئے پیغام ہے کہ سپریم کورٹ آپ کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے۔