پی ڈی ایم سمیت ماضی کی ہر حکومت نے قوم کو آئی ایم ایف کے قرضوں میں جکڑا، نعیم الرحمان

کراچی: (نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم سمیت ماضی کی ہر حکومت نے قوم کو آئی ایم ایف کے قرضوں میں جکڑا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا پٹرول و بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک ملک بھر میں جاری ہے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر چاروں گورنر ہاؤسز پر دھرنے دیئے جا رہے ہیں۔

کراچی کے امیر جماعت اسلامی نے کہا سارے قرضے ظالم و کرپٹ حکمرانوں نے اپنی نا اہلی و کرپشن کی نذر کر دیئے، نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو ڈیفالٹ کے چکر میں 25 کروڑ عوام کو ڈیفالٹ کر دیا، جاگیردار طبقے نے پورے سال میں صرف 4 ارب روپے جبکہ ملازمت پیشہ طبقے نے 264 ارب روپے کا ٹیکس ادا کیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا اگر جاگیردار طبقے سے بھی ٹیکس لیا جائے تو بجلی و پٹرول کی قیمتیں آدھی ہو سکتی ہیں، 15 مقامات اورنگی ٹاؤن پونے پانچ، شیرشاہ چوک، ملیر 15 ہائی وے، واٹر پمپ شاہراہ پاکستان، کورنگی نمبر5، شاہراہ کورنگی، قائدآباد نیشنل ہائی وے، بندر روڈ، ایم اے جناح روڈ، حیدری ڈالمن مال، شیرشاہ سوری روڈ، یوپی موڑ شاہراہ عثمان، سٹارگیٹ شاہراہ فیصل، لی مارکیٹ، ملینئم مال راشد منہاس، کالاپل کورنگی ٹاؤن روڈ، سہراب گوٹھ سپر ہائی وے، نرسری شاہراہ فیصل پر احتجاج کیا جارہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا احتجاج کے دوران ایمبولینس کو راستہ فراہم کیا جائے گا، جماعت اسلامی یوتھ کے کارکن ایمبولینس کے لئے راستہ کلیئر کریں گے۔