رانا ثناء اللہ نے مسلم لیگ (ن) کا تنظیمی اجلاس آج طلب کر لیا

لاہور: (نیوز ڈیسک) نوازشریف کے استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے پنجاب کا تنظیمی اجلاس آج طلب کرلیا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ اور ڈویژن کے عہدے دار، سابق ایم این ایز، ایم پی ایز اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز شرکت کریں گے، اجلاس آج ایک بجے مقامی ہوٹل میں ہوگا، اجلاس میں مریم نواز اور حمزہ شہباز خصوصی طور پر شرکت کریں گے، اجلاس کا ایجنڈا پارٹی قائد میاں نواز شریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی کے استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے ہو گا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن اپنے قائد نواز شریف کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں اور وہ نواز شریف کا تاریخی استقبال کریں گے، نوازشریف کا استقبال اصل میں پاکستان کے حالات کو تبدیل کرنے کی امید کا مظہر ہو گا، پاکستان کے تمام مسائل کو نواز شریف جیسے تجربہ کار، محنتی اور ہمیشہ مشکل حالات سے نکالنے والے لیڈر کی ضرورت ہے۔