نگراں وزیراعظم جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے امریکا روانہ

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے آج پانچ روزہ دورے پرامریکا روانہ ہوگئے۔

انوار الحق کاکڑ 18 سے 23 ستمبر تک نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی مباحثے میں شرکت کریں گے، وہ 22 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔

وزیرِ اعظم نیویارک میں جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے ساتھ ساتھ عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔ دورے میں نگراں وزیر اعظم موسمیاتی تبدیلی پر منعقد ہونے والی اہم کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے جبکہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے ملاقات بھی کرینگے ۔

نگران وزیراعظم امریکہ کے معروف تھنک ٹینکس کابھی دورہ کریں گے ، نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔