جماعت اسلامی کا مہنگائی کیخلاف احتجاج کا اعلان

ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے بہانےعوام کو ڈیفالٹ کر دیا گیا‘ یہ لوگ آئی ایم ایف کے غلام ہیں‘ عوام کو اپنے حقوق کیلئے باہر نکلنا ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کی پریس کانفرنس

کراچی ( نیوز ڈیسک ) جماعت اسلامی نے آج مہنگائی کیخلاف احتجاج کا اعلان کردیا، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کہتے ہیں کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے بہانےعوام کو ڈیفالٹ کر دیا گیا، آئی ایم ایف کے ایجنڈے کو پوری طاقت سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت نے ایک بار پھر پیٹرول بم گرایا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اضافہ ظالمانہ ہے، غریب طبقہ کہاں جائے گا، ڈالر کی قیمت کم ہونے سے پیٹرول کی قیمت کم کیوں نہیں ہورہی، لوگوں کے پاس موٹر سائیکل اور چنگچی کی سواری ہے، لوگ اپنی گاڑیوں پیٹرول کیسے ڈلوائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیرخزانہ کو بتایا گیا کہ کراچی میں15 ہزار بسوں کی ضرورت ہے لیکن کراچی میں کوئی بہتر ٹرانسپورٹ نہیں ہے، یہ لوگ آئی ایم ایف کے غلام ہیں، پیٹرول اور گیس کی قیمت بڑھانےسے معیشت برباد ہو جاتی ہے لیکن آئی ایم ایف کے ایجنڈے کو پوری طاقت سے آگے بڑھایا جا رہا ہے، ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے بہانےعوام کو ڈیفالٹ کر دیا گیا، مہنگائی میں اضافہ کرنے والے خود کہہ رہے ہیں مہنگائی بڑھ گئی ہے۔
انہوں ے کہا کہ اس طرح کے ظلم پر خاموش رہنا قومی جرم ہے، کراچی کے عوام باہرنکلیں اوراحتجاج کریں کیوں کہ عوام کو اپنے حقوق کیلئے باہر نکلنا ہوگا، پرامن مزاحمت اورزبردست احتجاج کرنا ہے، کراچی سمیت پوراپاکستان میدان میں نکلےاوراحتجاج کرے، آج شارع فیصل اسٹارگیٹ پرہمارا احتجاج ہوگا، نوجوانوں سے گزارش ہے شام 5 بجے سڑکوں پرنکلیں، کل سراج الحق کی سربراہی میں دھرنا ہوگا۔