عوام بھاری مینڈیٹ سے سیاسی منظر نامہ بدلیں نوازشریف عوام کی تقدیر بدل دیں گے

عوام کو مہنگائی میں بھرپور ریلیف دیں گے، نوازشریف صرف ملک میں ہی نہیں پوری دنیا میں پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے، 4 سالوں میں ملکی معیشت، معاشرت اور مفادات کی بنیادیں ہلا دی گئیں۔ چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ عوام بھاری مینڈیٹ سے سیاسی منظر نامہ بدلیں نوازشریف عوام کی تقدیر بدل دیں گے، عوام کو مہنگائی میں بھرپور ریلیف دیں گے، نوازشریف صرف ملک میں ہی نہیں پوری دنیا میں پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے، پاکستان کے مفادات کا تحفظ صرف نوازشریف کرسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے آزادجموں وکشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کی تنظیموں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چار سال میں پاکستان کی معیشت، معاشرت اور مفادات کی بنیادیں ہلا دی گئیں، نوازشریف نے قوم سے کئے ہر وعدے کو پورا کیا، پاکستان کے اتحاد، مفاداور ترقی کا نام نوازشریف ہے، نوازشریف نے سیاسی انتقام کا سامنا کیا لیکن سیاسی انتقام کبھی نہیں لیا، وفاق پاکستان کے مفادات کا تحفظ صرف نوازشریف کرسکتا ہے ، نوازشریف ہی وہ واحد قائد ہے جس پر وفاق اور تما م اکائیوں کو اعتماد ہے۔
وزیراعظم نوازشریف ملک کے اندر ہی نہیں خطے اور دنیا میں بھی پاکستان کی نیک نامی اورترقی کی ضمانت ہے ، 21 اکتوبر کو پاکستان اپنے قائد کا تاریخی استقبال کرے گی ، ان شاءاللہ، عوام پورا مینڈیٹ نوازشریف کو دیں ، نوازشریف عوام کو ہمیشہ کی طرح پورا ریلیف دیں گے ، ان شاءاللہ عوام مینڈیٹ سے سیاسی منظر نامہ بدل دیں، نوازشریف عوام کی تقدیر بدل دیں گے، الحمدللہ، ہمارے پاس قیادت بھی ہے، ایجنڈا بھی ہے، ٹیم بھی ہے اور اخلاص وعزم بھی۔
مزید برآں پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختون خوا کے عہدیداروں اور کارکنوں کا نوازشریف کی واپسی کے اعلان کا بھرپور خیرمقدم، تاریخی استقبال کے عزم کا پختہ اظہار ، پارٹی راہنماﺅں اور کارکنوں کی نوازشریف کے حق میں بھرپور جذباتی تقاریر ، شرکاء نے خطاب میں کہا کہ نوازشریف کی واپسی دہشت گردی، معاشی بدحالی اور مہنگائی کے خلاف اعلان جنگ ہے ،نوازشریف, پاکستان کی عوام کے محسن ہیں ، اپنے قائد کو خوش آمدید کہنا ہمارا فرض ہے،نوازشریف نے بہادری، ثابت قدمی سے سیاسی انتقام کا مقابلہ کیا، نوازشریف نے عوام کو مہنگائی سے بچایا تھا، اس خدمت کی اُنہیں سزا ملی، سیاسی انتقام کی آگ کے دریا عبور کرکے نوازشریف اپنے لوگوں میں واپس آرہے ہیں، 2016 میں عوام سے ترقی ، مہنگائی میں کمی چھین لی گئی۔
نوازشریف کے خلاف سازش کے نتیجے میں عوام کو مہنگائی ملی، نوازشریف کے خلاف سازش پاکستان کی ترقی کے خلاف سازش تھی، نوازشریف کی واپسی مہنگائی میں کمی اور معاشی ترقی کے سنہری دور کی دوبارہ واپسی کا آغازبنے گی، دس سال کٹھ پتلی کی خیبرپختونخوا میں مسلط حکومت نے صرف لوٹ مار کی، نوازشریف نے خیبرپختون خوا کو تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی منصوبے دئیے، نوازشریف ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتا ہے، نوازشریف نے وفاق پاکستان کو مضبوط کیا، عوام کو بلاامتیاز ترقی کے سفر میں شامل کیا، 2013 سے 2018 میں نوازشریف نے پاکستان کو معاشی طور پر پیروں پر کھڑا کردیا تھا، اُن کرداروں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے جن کی وجہ سے ملک ڈیفالٹ کو پہنچا، مہنگائی آج اس انتہاپر ہے، آج پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے ذمہ دار وہ ہیں جنہوں نے نوازشریف کو اقتدار سے الگ کیا، نوازشریف پاکستان اور قوم کی بہتری کے لئے واپس آرہے ہیں، آج پاکستان اور عوام کو نوازشریف کی ضرورت ہے، قوم کے ساتھ مل کر معمار پاکستان کا تاریخی استقبال کریں گے،ہم نواز شریف کے مشکور ہیں، مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخواہ کا ورکر نوازشریف کی طاقت بن کر دکھائے گا۔