وزیراعظم کی رہائشگاہ کا گذشتہ ماہ کا بل بھی ادا نہیں کیا گیا،مختلف وزارتیں ،ڈویژنز اور سرکاری ادارے بجلی کے بلوں کے نادہندہ ہیں
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم کی رہائشگاہ بھی بجلی کے بلوں کی مد میں 9 ہزار 819 روپے کی نادہندہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق جہاں ایک طرف عوام بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان ہے وہیں وزیراعظم کی رہائشگاہ بھی بجلی بلوں کی مدد میں نادہندہ نکلی۔وزیراعظم کی رہائشگاہ کا بل صرف 9 ہزار 819 روپے تھا وہ بھی ادا نہیں کیا گیا۔
وزیراعظم کی رہائشگاہ کا گذشتہ ماہ کا بل بھی ادا نہیں کیا گیا۔مختلف وزارتیں ،ڈویژنز اور سرکاری ادارے بجلی کے بلوں کے نادہندہ ہیں۔مختلف وزارتوں کے ذمے کروڑوں روپے کے بجلی بلوں کے واجبات ہیں۔ دفتر خارجہ 14 کروڑ 32 لاکھ 81 ہزار روپے سے زائد کا نادہندہ نکلا۔پارلیمنٹ ہاؤس بجلی بلوں کی مدد میں 5کروڑ 20 لاکھ 26 ہزار روپے سے زائد، ایف بی آر بجلی کی مد میں ایک کروڑ 54 لاکھ 20 ہزار روپے سے زائد اور کابینہ بلاک بجلی کی مد میں 7 کروڑ 64 لاکھ 97 ہزار سے زائد کا نادہندہ ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کی اسلام آباد ، راولپنڈی ، اٹک، جہلم ، چکوال میں بجلی چوروں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں اور مزید گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے،کمپنی کی جاری مہم کے دوران فیلڈ فارمیشنز نے بجلی کا غیر قانونی استعمال کرنے والے 228 صارفین پکڑ لئے ۔ ترجمان آئیسکو کے منگل کو جاری بیان کے مطابق پکڑے جانے والے صارفین کو 3 لاکھ 92 ہزار سے زائد یونٹس کی مد میں 1 کروڑ 70 لاکھ سے زائد کے جرمانے کئے گئے۔ آئیسکو کی جانب سے جاری مہم کے دوران مجموعی طور پر 228 بجلی چور پکڑے گئے اور تقریبا ایک کروڑ 96 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے۔ ترجمان آئیسکو راجہ عاصم نے بتایا کہ ٹوٹل 228 میں سے 197 گھریلو 20 کمرشل 3 زرعی اور 8 انڈسٹری کے کنکشنز شامل ہیں۔