اسلام آباد: (نیوز ڈیسک ) پاک فضائیہ کے جے ایف -17 تھنڈر طیاروں نے مصر میں منعقدہ بین الاقوامی فضائی مشق برائٹ سٹار 2023 میں شرکت کی ہے ۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق بین الاقوامی فضائی مشق برائٹ سٹار 2023 کا مصر کے محمد نجیب ملٹری بیس میں آغاز ہو گیا ہے ، مشق میں حصہ لینے والے پاک فضائیہ کے دستے میں شامل جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیارے اور ہنرمند ایئر و گراؤنڈ عملہ اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے گا۔
اس مشق کا مقصد شریک ممالک کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مشترکہ تربیت کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے، حقیقت پسندانہ فضائی جنگ کی صورتحال کی سیمولیشن کے لیے ڈیزائن کی گئی، فضائی مشق برائٹ سٹار، شریک ممالک کی فضائی افواج کو اپنی حقیقی آپریشنل تیاریوں کو جانچنے کا ایک انمول موقع فراہم کرتی ہے۔
دو ہفتوں پر محیط اس مشق کے دوران شریک ممالک مصر کے شمال مغربی علاقے، قاہرہ کے صحرائی خطہ میں اپنے فضائی، بحری اور بری اثاثوں کے ساتھ حصہ لیں گے۔
اس سال کی پر وقار مشقوں میں پاکستان، امریکہ، بھارت، سعودی عرب، یونان اور قطر سمیت کل 34 ممالک حصہ لے رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پیچیدہ سیکیورٹی ماحول اور عصر حاضر کے تزویراتی چیلنجز کی روشنی میں برائٹ سٹار 2023 جیسی مشقیں پاک فضائیہ کے دوست ممالک کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہو تی ہیں ، عسکری تعلقات کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ یہ مشق جنگ اور جنگ میں معاون وسائل کے مربوط استعمال کو پرکھنے کا موقع فراہم کرے گی۔
یہ مشق عصر حاضر کے خطرات کے خلاف جامع حکمت عملی وضع کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی توثیق کا بھی موقع فراہم کرے گی تاکہ مستقبل میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاری کو یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان پاک فضائیہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایئر فورس اس بین الاقوامی مشق کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیئے پر عزم ہے، اس طرح کی کاوشیں پاک فضائیہ کی جانب سے علاقائی استحکام، بین الاقوامی تعاون اور عسکری صلاحیتوں کے فروغ کے لیئے کیے گئے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔