چیئرمین پی ٹی آئی ریاستِ پاکستان کیخلاف عالمی عدالتوں میں جا رہے ہیں،جیفری رابرٹسن ریاستوں کیخلاف کام کرنے والی شخصیات کی وکالت کرتا ہے،رہنما مسلم لیگ ن عطاء اللہ تارڑ کی گفتگو
لاہور (نیوز ڈیسک) عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے عالمی عدالتوں میں نمائندگی کیلئے جیفری رابرٹسن کو وکیل مقرر کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق رہنما مسلم لیگ ن عطاء اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے عالمی عدالتوں میں نمائندگی کیلئے وکیل مقرر کیا گیا ہے،بیرسٹر جیفری رابرٹسن عالمی عدالتوں میں عمران خان کی نمائندگی کریں گے۔
جیفری رابرٹسن ریاستوں کیخلاف کام کرنے والی شخصیات کی وکالت کرتا ہے،عالمی عدالتوں میں مقدمات دو ممالک کے درمیان تنازعات کے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان ریاست پاکستان کیخلاف عالمی عدالتوں سے رجوع کر رہے ہیں،انسانی حقوق کا مقدمہ بنا کر یہ لوگ عدالت جا رہے ہیں،مقدمہ لے جانے کا مقصد ہے کہ پی ٹی آئی ریاست کیخلاف عالمی عدالت جا رہی ہے۔
مجھے نہیں پتا تھا کہ کوئی اپنی سیاست کیلئے اتنا مکروہ کام کر سکتا ہے۔ عطاء اللہ نے مزید بتایا کہ ملعون سلمان رشدی کی وکالت جیفری رابرٹسن نے کی تھی،کیا عمران خان کو پوری دنیا میں وکالت کیلئے سلمان رشدی کا ہی وکیل ملا ہے؟ جیفری رابرٹسن کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ ثابت شدہ کریمنلز کو سزا سے بچاتا ہے۔ انکا کہنا کہ جیفری رابرٹسن سقوط ڈھاکہ کے دوران بھارت کا حامی رہا،جیفری رابرٹسن وکی لیکس کے بانی کا بھی وکیل رہا تھا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنی سیاست کیلئے مگروہ اور اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے،سائفر کو جلسوں میں لہرایا گیا۔ عمران خان کو کس نے کہا تھا کہ توشہ خانہ سے ہیرے جواہرات کی چوری کرے،ہم نے تو نہیں کہا تھا کہ سائفر پر سیاست کرنی ہے۔ ہم نے تو نہیں کہا تھا کہ القادر یونیورسٹی میں زمین لیکر اسکی رقم ایک پراپرٹی ٹائیکون کو دیں،چیئرمین پی ٹی آئی جو کیسز بھگت رہے ہیں،وہ ان کا اپنا کیا دھرا ہے۔