سیکیورٹی فورسز نے یکم ستمبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، دوران آپریشن خطرناک دہشت گرد بھی جہنم واصل کر دیا گیا: آئی ایس پی آر
راولپنڈی (نیوز ڈیسک) شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن میں میجر سمیت 3 جوان شہید، سیکیورٹی فورسز نے یکم ستمبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، دوران آپریشن خطرناک دہشت گرد بھی جہنم واصل کر دیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے یکم ستمبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔
آپریشن کی قیادت میجر عامر کررہے تھے جنہیں دہشت گردوں نے گھیر لیا، اس دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی پیش قدمی روکنے کے لیے فائرنگ کی تو انہوں نے جوابی فائرنگ کی۔ دو طرفہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں قوم کے دو بہادر بیٹے میجر عامر عزیز اور سپاہی محمد عارف نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔
جبکہ جمعہ کے روز خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں بھی سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ جھڑپ کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 36 سالہ حوالدار منتظر شاہ نے جام شہادت نوش کیا۔ ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھا۔ دونوں مقامات پر ممکنہ طور پر موجود دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے فوجیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔