پرویز الٰہی کی گرفتاری پر مونس الٰہی کا ردِعمل

گاڑی کو روک کر میرے والد کو اغوا کر لیا گیا،اگر عدالتی احکامات کا اس طرح مذاق اڑانا ہے تو سرکاری سطح پر اعلان کر دیں،سابق وفاقی وزیر

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتاری پر مونس الٰہی کا ردِعمل سامنے آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد،جسٹس امجد رفیق کی ہدایت پر پولیس اور عدالتی سیکیورٹی اپنی نگرانی میں چوہدری پرویز الٰہی کو گھر لے کر گئی،گاڑی جیسے ہی ہماری گلی میں داخل ہوئی تو انہیں روکا گیا اور میرے والد کو اغوا کر لیا گیا۔
مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ اگر عدالتی احکامات کا اس طرح مذاق اڑایا جانا ہے تو سرکاری سطح پر اعلان کر دیں۔


یاد رہے کہ سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے،پرویز الٰہی کو اسلام آباد پولیس نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا۔
پولیس پرویز الٰہی کو گرفتار کر کے اسلام آباد منتقل کر رہی ہے۔

قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الہیٰ کو رہا کرنے کا حکم دیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی نیب میں گرفتاری کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس امجد رفیق نے کیس کی سماعت کی ۔ نیب نے آج عدالتی حکومت پر پرویز الہیٰ کو پیش کیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الہیٰ کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کسی بھی مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک دیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلی چوہدری پرویز الہی کی درخواست کا تحریری حکم بھی جاری کیا،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے 2 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کو سابق وزیر اعلی چوہدری پرویز الٰہی کو گھر تک چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔ جسٹس امجد رفیق نے ایڈیشنل رجسٹرار سیکیورٹی کو حکم دیا کہ آپ ہائیکورٹ کی سیکیورٹی سے 4 لوگ لیں،متعلقہ ایس پی کے ساتھ مل کر پرویز الہیٰ کو گھر ڈراپ کریں۔