عدالت کا حلیم عادل شیخ کا مزید ریمانڈ دینے سے انکار، 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم
کراچی (نیوز ڈیسک) سٹی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کو جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی ساوتھ کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ عدالت نے کار سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں حلیم عادل شیخ کی ضمانت منظور کر لی،عدالت نے حلیم عادل شیخ کو 20 ہزار روپے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
حلیم عادل شیخ کو گزشتہ روز انسداد دہشتگری کی عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد دوسری ایف آئی آر میں گرفتار کیا گیا تھا۔ پریڈی تھانہ کی پولیس نے حلیم عادل شیخ پر ہائی کورٹ سے گرفتاری پر ایک نیا کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ بنایا تھا۔
واضح رہے کہ کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے حکم پر رہنما پی ٹی آئی حلیم عادل شیخ کو رہا کیا گیا تھا۔ پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو اے ٹی سی کراچی میں پیش کیا گیا اور حلیم عادل شیخ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
عدالت نے پولیس کی پی ٹی آئی رہنما کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کو ر سندھ ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ سندھ ہائیکورٹ نے حلیم عادل شیخ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے اینٹی کرپشن پولیس کو ان کی گرفتاری سے روک دیا تھا۔عدالت نے حلیم عادل شیخ کو بھی 7 دن میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔اس سے قبل اینٹی کرپشن عدالت حیدر آباد نے عدم پیشی پر پی ٹی آئی رہنما کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، جس کے خلاف حلیم عادل نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔