لاہور: (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ لاڈلے کی خاطر نوازشریف کو نااہل نہ کیا جاتا تو آج مہنگائی نہیں پاکستان میں خوش حالی ہوتی۔
ن لیگ کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف سے پنجاب ویمن ونگ کے عہدیداروں نے ملاقات کی، مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی عہدیداروں نے چیف آرگنائزر سے تنظیمی امور پر بات چیت کی، ملاقات میں شعبہ خواتین کے تنظیمی ڈھانچے اور سرگرمیوں کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پارٹی کے شعبہ خواتین نے سیاسی و جماعتی تاریخ میں ہمیشہ ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے، شعبہ خواتین نے ہر سیاسی معرکے میں بہادری، نظریاتی وابستگی اور جرات کا بے مثال مظاہرہ کیا، خواتین اور نوجوانوں کو سیاست کا ہراول دستہ بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے ہر دور حکومت میں خواتین اور نوجوانوں کو ترقی کے مواقع دیئے، 2013ء سے 2018ء کا وزیراعظم نوازشریف کا دور کم ترین مہنگائی اور تیز ترین ترقی کا دور تھا، پاکستان سے غربت اور مہنگائی کے اندھیرے اسی طرح ختم کریں گے جس طرح لوڈ شیڈنگ ختم کی تھی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے ہوتے ہوئے قوم کو مایوس اور ناامید ہونے کی ضرورت نہیں، مہنگائی 4 سال کے پراجیکٹ عمران کی وجہ سے ہوئی، قوم آج سوال پوچھے کہ نواز شریف کو اقتدار سے الگ کر کے قوم کو مہنگائی کی سزا کیوں دی؟۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف سے پنجاب ویمن ونگ کے عہدیداروں کی ملاقات
مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی عہدیداروں نے چیف آرگنائزر سے تنظیمی امور پر بات چیت کی
ملاقات میں شعبہ خواتین کے تنظیمی ڈھانچے اور سرگرمیوں کے حوالے سے حکمت عملی پر غور… pic.twitter.com/jXUzCheHW1
— PMLN (@pmln_org) August 30, 2023
انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے عوام کی آنکھوں میں آنسو لانے والے مجرموں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا ہو گا، عوام کو مہنگائی سے پھر نجات دلائیں گے، ان شاءاللہ، مہنگائی سے نکلنے والے قوم کے آنسوؤں کو خوشحالی کی ہواؤں سے پونچھیں گے۔
شعبہ خواتین کی عہدیداروں نے خواتین کو نیا اعتماد اور نئے مواقع دینے پر مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا، شعبہ خواتین کی عہدیداروں نے پارٹی اور قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کے عزم کا اظہار کیا۔