پولیس رہنما پی ٹی آئی کو سندھ ہائیکورٹ کے باہر سے گرفتار کر کے روانہ ہو گئی،ہائیکورٹ نے حلیم عادل شیخ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر رکھے ہیں
کراچی (نیوز ڈیسک) حلیم عادل شیخ کو حراست میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق رہنما تحریک انصاف حلیم عادل شیخ کو سندھ ہائیکورٹ کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس حلیم عادل شیخ کو سندھ ہائیکورٹ کے باہر سے گرفتار کر کے روانہ ہو گئی،حلیم عادل شیخ 9 مئی واقعات کے بعد آج پہلی بار منظرِ عام پر آئے تھے۔ قبل ازیں پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ سندھ ہائیکورٹ پہنچے،انہوں نے وارنٹ گرفتاری کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔
سندھ ہائیکورٹ میں حلیم عادل شیخ کی درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت نے رہنما پی ٹی آئی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر دئیے اور اینٹی کرپشن پولیس کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔ ہائیکورٹ نے حلیم عادل شیخ کو سات روز میں متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی۔
حلیم عادل شیخ کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ انسداد دہشت گردی عدالت حیدر آباد نے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔
پشاور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت پر ہوں،سندھ ہائیکورت کسی بھی مقدمے میں گرفتاری سے روک چکی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت کے وارنٹ گرفتاری معطل کئے جائیں اور کسی بھی مقدمے میں گرفتاری سے روکا جائے۔ جبکہ حلیم عادل شیخ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ پہلے بھی عدالتوں کا سامنا کیا،امید ہے انصاف ملے گا،ہمیں تو آنا تھا عدالتوں سے کبھی دور نہیں ہوئے۔
میرے ساتھ جو ہوا اس کے باوجود عدالتوں میں آیا اور مقدمات کا سامنا کیا،پیپلز پارٹی جاتے ہوئے کسی اور کے کندھے پر بندوق رکھ کر چلانا چاہتی تھی۔ انکا کہنا تھا کہ ملک کا محب وطن لیڈر آج اپنی قوم کیلئے جیل میں پڑا ہے،بہت سارے لوگ لندن اور دبئی بھاگ جاتے ہیں۔ ہم بھی بھاگنے چاہتے تو جا سکتے تھے،پی پی نے 5 سال جو ہمارے ساتھ کیا اس کا سامنا کیا۔