غربت، افلاس اور مہنگائی پی ڈی ایم سرکار کی مجرمانہ حکومت کا کارنامہ ہے، پی ٹی آئی
لاہور (نیوز ڈیسک) پی ٹی آئی نے مہنگی بجلی کیخلاف ملک گیر احتجاج میں شرکت کا فیصلہ کر لیا۔ پاکستان تحریک انصاف کور کمیٹی نے توشہ خانہ کیس میں سزا کی معطلی کی درخواست پر فیصلے میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کردیا۔ اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں کہا گیا کہ غربت اور افلاس اور عوام کی قوت خرید میں کمی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سرکار کی مجرمانہ حکومت کا کارنامہ ہے۔
پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق بدترین مہنگائی اور بجلی بلوں کے خلاف بلکتی عوام کی آواز بنیں گے، نگراں حکومت اقتدار عوام کی جائز اور منتخب حکومت کے دینےکی تیاری کرے۔ پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس کے اعلامیے میں استفسار کیا گیا کہ وہ کون ہے جو بغیر قانونی جواز چاہتا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پابند سلاسل رکھا جائے۔
کور کمیٹی اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ ہم قوم آئین اور قانون سے جاری کھلواڑ کی فوری بندش کا مطالبہ کرتے ہیں، امید ہے بغیر التوا چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی اور رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ شاہ محمود قریشی کے ریمانڈ میں توسیع اور پرویز الہٰی کے آئینی اور قانونی حقوق سلب کرنےکی مذمت کرتے ہیں۔ نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت بجلی کے بلوں پر دوسرا اجلاس ختم ہوگیا اور عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ آج بھی نہ ہوسکا۔ گزشتہ روز بھی نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت بجلی کے بلوں کے حوالے سے اجلاس ہوا تھا اور آج دوسرے روز بھی اجلاس ہوا۔
وزارت توانائی سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے جس کے بعد وزیراعظم کی زیر صدارت حتمی اجلاس کل ہوگا۔ ذرائع کے مطابق نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا ہے جس میں ملک کی معاشی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایاکہ وفاقی کابینہ وزارت توانائی کی بجلی بلوں سے متعلق تجاویز کی منظوری دے گی۔ دوسری جانب وزارت توانائی میں بجلی کے بلوں سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں بجلی کے بلوں کے مسئلے پر تجاویز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ تجاویز کل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائیں گی اور حتمی فیصلہ کابینہ کے اجلاس میں کیا جائے گا کیونکہ ان تجاویز اور فیصلوں کی منظوری کی مجاز صرف وفاقی کابینہ ہے۔ اُدھر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف عوامی احتجاج شدت اختیار کرتا جا رہا ہے اور ملک کے کونے کونے میں لوگ سراپا احتجاج ہیں۔ آج بھی ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے اور بلا جلائے گئے، سڑکیں بند کی گئیں اور کہیں کہیں کاروبار بھی بند ہوا۔
راولپنڈی میں سیکروں افراد نے آئیسکو کے دفتر کا گھیراؤ کیا، حیدرآباد میں شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی اور بازار بند رہے۔ مالاکنڈ کے بٹ خیلہ بازار میں مظاہرین نے قومی شاہراہ احتجاجاً بند کردی، شبقدر اور صوابی میں بھی احتجاجی مظاہرہ ہوا جبکہ مانسہرہ میں تاجروں کی ہڑتال کے باعث کاروبار مکمل طور پر بند رہا۔