موجودہ تمام مسائل نے’’پراجیکٹ عمران‘‘ کے4 سالہ دورِفسطائیت سے جنم لیا، 16 ماہ میں پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا اب مہنگائی سے بچائیں گے، نوازشریف ہی پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے۔ چیف آرگنائزرن لیگ مریم نواز
لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نوازشریف ہی عوام کو مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں اضافے سے بچائیں گے، موجودہ تمام مسائل نے’’پراجیکٹ عمران‘‘ کے4 سالہ دورِفسطائیت سے جنم لیا، 16 ماہ میں پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا اب مہنگائی سے بچائیں گے، نوازشریف ہی پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف سے پارٹی کے پنجاب ویمن یوتھ ونگ کی رہنماﺅں اور عہدیداروں نے ملاقات کی۔ پنجاب کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے خواتین راہنماﺅں اور عہدیداروں کے وفود نے مریم نواز سے الگ الگ ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں پارٹی کے خواتین یوتھ ونگ کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
شعبہ خواتین کی عہدیداروں نے اپنے اپنے اضلاع میں پارٹی سرگرمیوں اور تنظیم کی کاکردگی سے متعلق مریم نواز کو آگاہ کیا، مریم نواز نے ویمن یوتھ ونگ کی عہدیداروں اور کارکنان کے جذبے کو سراہا، 4 گھنٹے تک مسلسل جاری رہنے والے اجلاس میں انٹرویوز کئے گئے اور خواتین کو مستقبل کے لئے گائیڈ لائنز دی گئی۔ مجھے خوشی ہوتی ہے جب اپنی جماعت میں خواتین کو اپنے شانہ بشانہ کھڑا دیکھتی ہوں۔
میری خواہش ہے کہ آئندہ الیکشن میں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو زیادہ سے زیادہ پارٹی ٹکٹ دیے جائیں۔ کیونکہ قوم کا مستقبل یہی لڑکے اور لڑکیاں ہیں یہی پاکستان کو حقیقی معنوں میں مضبوط ملک بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ نوجوان لڑکیوں کی مسلم لیگ(ن) کے پلیٹ فارم سے فرنٹ فٹ پر آنا حوصلہ افزا بات ہے، تعلیمی اداروں کی طالبات مسلم لیگ(ن) کی لیڈرشپ کو ہی پسند کرتی ہے جو خوش آئند ہے، نوجوان لڑکے اور لڑکیاں نون لیگ اور نوازشریف کے جانثار ہیں۔
مسلم لیگ(ن) کی لیڈرشپ نے ہمیشہ نوجوانوں کو با اختیار بنایا ہے، اس کی سب سے بڑی مثال نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور باعزت روزگار کے لیے بلا سود قرضوں کی فراہمی ہے۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ایم ایس ایف کو فعال قوت میں بدل دیا ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک میں سب سے بڑی یوتھ اور خواتین کی جماعت بن چکی ہے، خواتین اور نوجوان ملک کی فیصلہ سازی میں اہم کردار ادا کریں گے، 16 ماہ میں جس طرح پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، اب عوام کو مہنگائی سے بچائیں گے، دُکھ ہے کہ عوام کو مہنگائی، بجلی کے بل میں اضافے جیسی مشکلات کا سامنا ہے، وزیراعظم نوازشریف نے عوام کو مہنگائی، دہشت گردی، لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی تھی، وزیراعظم نوازشریف ہی ایک بار پھر عوام کو مہنگائی، بجلی کے بلوں میں اضافے سے بچا ئیں گے، نوازشریف کی دی ہوئی ترقی کا عمل نہ روکا جاتا تو آج غریب عوام کی آنکھوں میں آنسو نہ ہوتے، وزیراعظم نوازشریف ہی پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے، ویمن یوتھ ونگ کی عہدیداروںنے مریم نوازشریف کی قیادت میں پارٹی سرگرمیوں میں تیزی پر خراج تحسین پیش کیا۔
آج کے تمام مسائل نے ’ پروجیکٹ عمران‘‘ کے چار سالہ دور فسطائیت سے جنم لیا۔ عوام کے حقیقی منتخب نمائندے ہی ایک ایسی حکومت کو جنم دیں گے جو مہنگائ کے عفریت کو قابو کر کے ترقی و خوشحالی کے دور کو شروع کر سکتے ہیں۔ مہنگائی کے جن کو ویسے ہی بوتل بند کرسکتے ہیں جیسے لوڈ شیڈنگ، دہشت گردی اور کراچی کی لاقانونیت کو ختم کیا تھا۔