بغاوت کیس : ایمان مزاری، علی وزیر کی درخواست ضمانت منظور

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے دھمکی، اشتعال اور بغاوت کے کیس میں پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما علی وزیر اور انسانی حقوق کی کارکن وکیل ایمان مزاری کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔

ایمان مزاری اور علی وزیر کی درخواست ضمانت بعداز گرفتاری پر سماعت اے ٹی سی جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی۔

عدالت میں پراسیکیوٹر راجہ نوید، شیریں مزاری اور وکیل صفائی اے ٹی سی میں پیش ہوئے ، عدالت نے ایمان مزاری اور علی وزیر کی درخواست ضمانت 30، 30 ہزار روپے مچلکوں کے عوض منظور کرلی ۔

دوران سماعت پراسیکیوٹر راجہ نوید نے کہا کہ ایمان مزاری کے جلسے میں ہزار سے زائد افراد موجود تھے، ایمان مزاری کی تقریر کی یو ایس بی رپورٹ نہیں آئی ، تقریب کی فرانزک کروانی ہے ، ایمان مزاری کی جلسے میں تقریر کا سکرپٹ بھی عدالت میں پڑھ کر سنایا گیا ۔

واضح رہے کہ 24 اگست کو بغاوت، دھمکانے اور اکسانے کے کیس میں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ایمان مزاری اور علی وزیر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا تھا۔