عمران خان کو سزا سنانے والے جج ہمایوں دلاور کی تنزلی کر دی گئی

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کو او ایس ڈی بنا دیا گیا، ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عمران خان کو سزا سنانے والے جج ہمایوں دلاور کی تنزلی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں سزا سنانے والے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کی تنزلی کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کے حکم پر ہمایوں دلاور کو او ایس ڈی بنا دیا گیا، ایڈیشنل رجسٹرار ہائیکورٹ کی جانب سے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کو او ایس ڈی بنانے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا، انہیں ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جج ہمایوں دلاور کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کو سزا سنائی گئی تھی۔
تحریک انصاف کی جانب سے جج ہمایوں دلاور کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سنگین الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔ اس پیش رفت سے قبل جمعہ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس کی سماعت ہوئی تو الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز طبیعت ناسازی کے باعث پیش نہ ہوئے اور معان وکیل نے التواء مانگ لیا۔

معاون وکیل نے کہا کہ آج امجد پرویز دستیاب نہیں ، ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، انہیں دو دن کا آرام تجویز کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ یہ ضمانت کا معاملہ تھا، کون سا دلائل پر زیادہ وقت لگنا تھا۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ بیس دن سے ایک شخص اندر ہے، معاون وکیل کا بھی وکالت نامہ موجود ہے، وہ دلائل دے سکتا ہے، آپ کا جونئیر جج جیل بھیج رہا ہے، یہ پیش نہیں ہورہے تو کیا آپ سزا معطل نہیں کرسکتے؟ چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آج ہم اس کیس کے لیے بیٹھے ہیں، ہم بھی وہ کام کرسکتے ہیں جو ٹرائل کورٹ نے کیا ہے، ہم نے سسٹم کو چلانا ہے، جو ٹرائل کورٹ نے کیا ہے وہ ایڈمنسٹریٹیو سائیڈ پر دیکھیں گے، ہم پیر کو رکھ رہے ہیں۔
لطیف کھوسہ روسٹرم سے احتجاجاً چلے گئے اور کہا کہ پھر ہم نہیں آئیں گے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ پیر کو نہ آئے ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کریں گے ، دو غلط ایک صحیح نہیں ہوتے، جو ٹرائل کورٹ نے کیا وہ ہم نہیں کرینگے۔ ایڈووکیٹ لطیف خان کھوسہ عدالت سے واک آؤٹ کر گئے۔ ہائی کورٹ نے کیس کی پیر تک سماعت ملتوی کردی۔ پی ٹی آئی حامی وکلاء نے کمرہ عدالت میں شیم شیم اور فکس میچ نامنظور کے نعرے لگائے۔